ٹائر کی لوکل صنعت کی بہتری کیلئے جامع اقدامات ناگزیر ہیں: ریاض خان

حکومت مقامی مینوفیکچرنگ کے فروغ،معیاری پیداوار کیلئے مؤثر پالیسیاں بنائے

اسلام آباد(نیوز رپورٹر)
صدر اسلام آباد ٹائرز ایسوسی ایشن (آئی ٹی اے) ریاض خان نے کہا ہے کہ پاکستان کی مقامی ٹائر صنعت ملک کی معیشت،روزگار اور صنعتی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے تاہم اس شعبے کو درپیش مسائل کے حل اور ترقی کیلئے مربوط حکمت عملی اختیار کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔حکومت کو مقامی ٹائر مینوفیکچررز کی حوصلہ افزائی کیلئے ایسی پالیسیاں متعارف کرانی چاہئیں جن سے سرمایہ کاری میں اضافہ، پیداواری لاگت میں کمی اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ ملے۔انہوں نے تجویز دی کہ خام مال پر درآمدی ڈیوٹیز اور ٹیکسوں کا ازسرنو جائزہ لیا جائے تاکہ مقامی صنعت عالمی منڈی میں مؤثر انداز میں مقابلہ کر سکے۔ تحقیق و ترقی (R&D)، ہنر مند افرادی قوت کی تربیت اور جدید مینوفیکچرنگ ٹیکنالوجی میں سرمایہ کاری کے ذریعے پاکستانی ٹائر صنعت کو بین الاقوامی معیار کے مطابق بنایا جا سکتا ہے۔برآمدات بڑھانے کیلئے خصوصی مراعات،آسان فنانسنگ اور توانائی کی مسلسل فراہمی بھی ضروری ہے۔