اے این ایف کا مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن، 383 کلو سے زائد منشیات برآمد، 8 ملزمان گرفتار

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) انسدادِ منشیات فورس (اے این ایف) نے ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 383.6 کلوگرام منشیات برآمد کر لی، جن کی مالیت 3 کروڑ 5 لاکھ روپے سے زائد بتائی گئی ہے۔ کارروائیوں کے دوران 8 ملزمان کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔

ترجمان اے این ایف کے مطابق باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر جدہ جانے والے ایک مسافر کے بیگ میں موجود احرام میں چھپائی گئی 9.2 کلوگرام آئس برآمد کی گئی۔

کراچی-حیدرآباد ٹول پلازہ کے قریب ایک گاڑی سے 294 کلوگرام چرس، 30 بور پستول، ایک میگزین اور 6 راؤنڈز بھی برآمد کیے گئے۔

کوئٹہ میں ایک ہوٹل کے قریب موٹر سائیکل سوار ملزم سے 30 کلوگرام چرس، جبکہ دینہ میں ایک گھر پر کارروائی کے دوران 13.2 کلوگرام چرس برآمد کرکے ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔

اسی طرح سہراب گوٹھ کراچی کے قریب دو ملزمان کے قبضے سے 12 کلوگرام چرس، ترکئی ٹول پلازہ جہلم کے قریب ایک گاڑی سے 7.2 کلوگرام چرس برآمد کرکے ملزم کو گرفتار کیا گیا، جبکہ کراچی کے ایک کوریئر آفس میں موجود دو فائبر بکسوں سے 18 کلوگرام چرس بھی قبضے میں لے لی گئی۔

ترجمان کے مطابق تمام مقدمات انسدادِ منشیات ایکٹ 1997 کے تحت درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔