جی ٹی روڈ کامرہ کے قریب ٹریفک حادثہ، موٹروے پولیس کے سب انسپکٹر جاوید اکبر شہید

اسلام آباد (آصف ملک) جی ٹی روڈ پر کامرہ کے قریب پیش آنے والے ٹریفک حادثے میں نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے سب انسپکٹر جاوید اکبر شہید ہوگئے۔

موٹروے پولیس کے ترجمان کے مطابق سب انسپکٹر جاوید اکبر معمول کی ڈیوٹی انجام دے رہے تھے کہ اس دوران ایک تیز رفتار ڈمپر نے انہیں ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگئے۔ زخمی افسر کو فوری طور پر تحصیل ہیڈکوارٹر (ٹی ایچ کیو) ہسپتال حضرو منتقل کیا گیا، تاہم وہ دورانِ علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوگئے۔

ترجمان کے مطابق حادثے کے بعد ڈمپر ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا، جبکہ ڈمپر میں موجود ایک ہیلپر کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق حادثہ ڈمپر ڈرائیور کی غفلت اور لاپرواہی کے باعث پیش آیا۔

ترجمان نے بتایا کہ شہید سب انسپکٹر جاوید اکبر کا تعلق مردان سے تھا۔ انہوں نے سوگواران میں اہلیہ اور پانچ بچوں کو چھوڑا ہے۔

دریں اثنا انسپکٹر جنرل نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس سلطان احمد چودھری نے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہید افسر کے اہل خانہ سے تعزیت کی اور ان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ شہید سب انسپکٹر جاوید اکبر کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔