ایف آئی اے کی کارروائی، بینک فراڈ کا شکار شہری کو 28 لاکھ 39 ہزار روپے سے زائد رقم واپس دلوا دی

اسلام آباد (آصف ملک) فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کمرشل بینکنگ سرکل اسلام آباد نے مؤثر کارروائی کرتے ہوئے بینک فراڈ کے ذریعے نکلوائی گئی 28 لاکھ 39 ہزار 500 روپے کی رقم متاثرہ شہری کو واپس دلوا دی۔
ایف آئی اے کے مطابق الائیڈ بینک لمیٹڈ، افشاں کالونی برانچ راولپنڈی سے متعلق موصول ہونے والی شکایت پر تحقیقات کا آغاز کیا گیا۔ شکایت کنندہ نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ 15 اور 16 نومبر کی درمیانی شب ان کے اکاؤنٹ سے مختلف آئی بی ایف ٹیز (IBFTs) اور راست (Raast) پیمنٹس کے ذریعے ان کی اجازت کے بغیر 28 لاکھ 39 ہزار 500 روپے منتقل کر لیے گئے، جبکہ اس دوران انہیں موبائل فون پر کسی قسم کا ٹرانزیکشن الرٹ بھی موصول نہیں ہوا، جس کے باعث وہ بروقت فراڈ سے آگاہ نہ ہو سکے۔
ایف آئی اے نے بینک ریکارڈ کا تفصیلی جائزہ لینے اور شواہد کی جانچ کے بعد بینک انتظامیہ کو ذمہ دار قرار دیا، جس کے نتیجے میں الائیڈ بینک نے متاثرہ شہری کی مکمل رقم 28 لاکھ 39 ہزار 500 روپے ان کے اکاؤنٹ میں واپس منتقل کر دی۔
ایف آئی اے نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ مالیاتی اور بینکاری فراڈ سے بچنے کے لیے محتاط رہیں اور کسی بھی مشکوک لین دین یا فراڈ کی صورت میں فوری طور پر ایف آئی اے سے رابطہ کریں۔