نیوٹیک اوپن ہاؤس میں طلبہ کے اختراعی منصوبوں کی نمائش، صنعت و تعلیمی اداروں کے اشتراک پر زور
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) نیشنل یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی (NUTECH) کے زیر اہتمام اوپن ہاؤس کا انعقاد کیا گیا، جس میں طلبہ کے فائنل ایئر پراجیکٹس، جدید ٹیکنالوجی پر مبنی اختراعی منصوبوں اور تحقیقاتی کام کو پیش کیا گیا۔ تقریب میں صنعتی شعبے سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات، مختلف اداروں کے چیف ایگزیکٹو آفیسرز، ماہرین، اساتذہ اور طلبہ نے شرکت کی۔
اوپن ہاؤس میں مختلف شعبہ جات کے طلبہ نے ایسے منصوبے پیش کیے جو صنعتی ضروریات سے ہم آہنگ اور عملی مسائل کے حل پر مبنی تھے۔ اس موقع پر صنعت سے وابستہ نمائندوں کو طلبہ کے ساتھ رابطے، ممکنہ اشتراک اور مستقبل کے باصلاحیت افراد کے انتخاب کا موقع بھی ملا۔
تقریب کے مہمان خصوصی نیاٹیل (Nayatel Pvt. Limited) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر وحاج سراج تھے، جبکہ جاز انٹرپرائز (Jazz Enterprise) کے وائس پریزیڈنٹ نعمان فاروق نے مہمانِ اعزاز کی حیثیت سے شرکت کی۔ پاکستان سویٹ ہوم کے چیف ایگزیکٹو آفیسر زمرد خان سمیت مختلف قومی اداروں کے اعلیٰ حکام اور صنعت سے وابستہ شخصیات بھی تقریب میں شریک ہوئیں۔
اپنے خطاب میں وحاج سراج نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ تنقیدی سوچ، جدت پسندی اور مستقل مزاجی کو اپنی پیشہ ورانہ زندگی کا حصہ بنائیں۔ نعمان فاروق نے کہا کہ NUTECH عملی تعلیم کے فروغ اور تعلیمی اداروں و صنعت کے درمیان روابط مضبوط بنانے کے لیے مؤثر کردار ادا کر رہا ہے۔
تقریب کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ NUTECH صنعت کی ضروریات سے ہم آہنگ پیشہ ور افرادی قوت کی تیاری، کاروباری صلاحیتوں کے فروغ اور ملک کی تکنیکی و معاشی ترقی میں اپنا کردار جاری رکھے گا۔





