ہیوی ٹرانسپورٹ ڈرائیورز کی نفسیاتی جانچ اور مناسب آرام یقینی بنایا جائے، ایس پی غازی فیصل سلیم

راولپنڈی (وسیم علی) پنجاب ہائی وے پٹرول (PHP) راولپنڈی ریجن کے زیرِ اہتمام پی ایچ پی پوسٹ گھیلاں کلاں ضلع راولپنڈی میں ڈمپر مالکان، بس مالکان، ٹرانسپورٹ آپریٹرز اور ڈرائیورز کے ساتھ روڈ سیفٹی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت ریجنل آفیسر پنجاب ہائی وے پٹرول راولپنڈی، ایس پی غازی فیصل سلیم، پی ایس پی نے کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایس پی غازی فیصل سلیم نے کہا کہ ٹریفک حادثات کی روک تھام اور قیمتی انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے مؤثر روڈ سیفٹی اقدامات پر عمل درآمد ناگزیر ہے۔ انہوں نے ٹرانسپورٹ مالکان کو ہدایت کی کہ ہیوی گاڑیوں پر ڈیوٹی دینے سے قبل ڈرائیورز کی نفسیاتی جانچ (Psychological Profiling) کو یقینی بنایا جائے تاکہ ان کی ذہنی استعداد، ذمہ داری کے احساس اور ڈرائیونگ کے لیے موزونیت کا مؤثر انداز میں جائزہ لیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ ڈرائیورز کو مناسب آرام فراہم کیا جائے اور انہیں مسلسل طویل اوقات تک گاڑی چلانے پر مجبور نہ کیا جائے، کیونکہ تھکن مہلک ٹریفک حادثات کی ایک بڑی وجہ ہے۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ ایسے ڈرائیورز کو ملازمت نہ دی جائے جن کے خلاف بار بار ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی، متعدد چالان یا سنگین ٹریفک جرائم کے مقدمات درج ہوں۔

ریجنل آفیسر نے تمام ٹرانسپورٹ مالکان، آپریٹرز اور ڈرائیورز پر زور دیا کہ وہ ذمہ دارانہ ڈرائیونگ کو فروغ دیں، ٹریفک قوانین کی مکمل پابندی کریں اور محفوظ شاہراہوں کے قیام کے لیے پنجاب ہائی وے پٹرول کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب ہائی وے پٹرول عوام کے جان و مال کے تحفظ اور شاہراہوں پر محفوظ سفری ماحول کی فراہمی کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری تندہی سے انجام دیتا رہے گا۔