اے این ایف کا کریک ڈاؤن، خاتون سمیت 3 ملزمان گرفتار، 48 کلو سے زائد منشیات برآمد

کراچی جناح ائرپورٹ اور پشین میں کارروائیاں، 37 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی آئس اور چرس ضبط، انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج

اسلام آباد (کرائم رپورٹر) انسدادِ منشیات فورس (اے این ایف) نے ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے خاتون سمیت 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا جبکہ 37 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 48.526 کلوگرام منشیات برآمد کر لی۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق پہلی کارروائی جناح انٹرنیشنل ائرپورٹ پر کی گئی جہاں بحرین جانے والے ایک مرد اور ایک خاتون مسافر کے سامان کی تلاشی کے دوران 526 گرام آئس برآمد ہوئی۔ دونوں ملزمان کو موقع پر گرفتار کر لیا گیا۔
دوسری کارروائی ضلع پشین کے علاقے یارو میں ایک ہوٹل کے قریب کی گئی، جہاں ایک گاڑی سے 48 کلوگرام چرس برآمد کر کے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔
ترجمان کے مطابق دونوں کارروائیوں کے بعد ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔