ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل اٹک و منیجنگ ڈائریکٹر ستھرا پنجاب ایجنسی، انیل سعید کی زیر صدارت ستھرا پنجاب ایجنسی کی کارکردگی کے حوالے سے جائزہ اجلاس

اٹک (سٹاف رپورٹر)ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل اٹک و منیجنگ ڈائریکٹر ستھرا پنجاب ایجنسی، انیل سعید کی زیر صدارت ستھرا پنجاب ایجنسی کی کارکردگی کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں متعلقہ محکموں کے افسران اور ستھرا پنجاب ایجنسی کے ذمہ داران نے شرکت کی۔اجلاس میں ضلع بھر میں صفائی ستھرائی کی مجموعی صورتحال، ستھرا پنجاب ایجنسی کی کارکردگی، جاری صفائی آپریشنز، عوامی شکایات کے بروقت ازالے اور مون سون بارشوں کے پیش نظر کیے گئے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر متعلقہ افسران نے صفائی کے نظام، مشینری، افرادی قوت اور حساس مقامات پر کیے گئے اقدامات سے متعلق بریفنگ دی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل انیل سعید نے ہدایت کی کہ مون سون بارشوں کے دوران شہری علاقوں میں نکاسیٔ آب کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اور نالوں، نالیوں اور ڈرینز کی بروقت صفائی مکمل رکھی جائے تاکہ بارش کے پانی کے بہاؤ میں کسی قسم کی رکاوٹ پیدا نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ تمام متعلقہ ٹیمیں فیلڈ میں متحرک رہیں اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مشینری اور عملہ ہمہ وقت تیار رکھا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق ضلع اٹک میں صفائی کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھنا انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ عوام کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں اور صفائی کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔
انیل سعید نے ستھرا پنجاب ایجنسی کے افسران کو ہدایت کی کہ شہریوں کی جانب سے موصول ہونے والی شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے، فیلڈ مانیٹرنگ کو مزید مؤثر بنایا جائے اور مون سون کے دوران صفائی اور نکاسیٔ آب کے انتظامات کی مسلسل نگرانی کی جائے تاکہ عوام کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔اجلاس کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ ستھرا پنجاب ایجنسی، ضلعی انتظامیہ اور تمام متعلقہ ادارے باہمی تعاون سے مون سون بارشوں کے دوران صفائی اور نکاسیٔ آب کے انتظامات کو مؤثر بناتے ہوئے شہریوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔