فرانسیسی رکنِ اسمبلی کارلوس مارٹنز بیلونگو کی مسئلۂ کشمیر پر پاکستان کے مؤقف کی حمایت، پارلیمانی وفد کے ہمراہ پاکستان آنے کی خواہش کا اظہار
پیرس (بیورو رپورٹ) وفاقی وزیر اور چیئرمین پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر رانا محمد قاسم نون نے فرانسیسی قومی اسمبلی کے رکن کارلوس مارٹنز بیلونگو کی دعوت پر فرانسیسی قومی اسمبلی کا دورہ کیا، جہاں دونوں رہنماؤں کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور، دوطرفہ تعلقات اور پارلیمانی تعاون پر تفصیلی تبادلۂ خیال ہوا۔ ملاقات میں پروٹوکول آفیسر ابراہیم چانڈیو بھی موجود تھے۔
ملاقات کے دوران پاکستان اور فرانس کے درمیان پارلیمانی روابط، تجارت، سرمایہ کاری، مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ اور علاقائی و بین الاقوامی امور پر گفتگو کی گئی۔ اس موقع پر جموں و کشمیر کی موجودہ صورتحال پر بھی تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
کارلوس مارٹنز بیلونگو نے مسئلۂ جموں و کشمیر پر پاکستان کے مؤقف کی حمایت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس تنازع کا حل بین الاقوامی قوانین اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق پرامن طریقے سے ہونا چاہیے۔ انہوں نے اپنے پارلیمانی وفد کے ہمراہ مستقبل قریب میں پاکستان کا دورہ کرنے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سے دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی روابط مزید مضبوط ہوں گے اور تعاون کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
فرانسیسی رکنِ اسمبلی نے پاکستان کے انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کمیونیکیشن کے شعبوں میں گہری دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ وہ ان شعبوں میں تعاون، سرمایہ کاری اور شراکت داری کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے۔
رانا محمد قاسم نون نے فرانسیسی رکنِ اسمبلی کے مثبت جذبات اور مسئلۂ کشمیر پر پاکستان کے مؤقف کی حمایت پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور فرانس کے درمیان پارلیمانی روابط، اقتصادی تعاون اور عوامی سطح پر تعلقات کو مزید فروغ دینا دونوں ممالک کے مفاد میں ہے۔ انہوں نے کارلوس مارٹنز بیلونگو اور ان کے پارلیمانی وفد کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔
ملاقات کے اختتام پر رانا محمد قاسم نون نے کارلوس مارٹنز بیلونگو کو دوستی اور خیرسگالی کی علامت کے طور پر یادگاری شیلڈ اور کشمیر کا روایتی مفلر (اسکارف) پیش کیا، جسے فرانسیسی رکنِ اسمبلی نے خوش دلی سے قبول کرتے ہوئے اس کی علامتی اہمیت کو سراہا۔
ملاقات خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی، جس میں دونوں رہنماؤں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ مسلسل پارلیمانی روابط اور باہمی تعاون پاکستان اور فرانس کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور مختلف شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے میں اہم کردار ادا کریں گے۔





