راولپنڈی پولیس لائنز میں پروقار تقریب، شہداء کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش، اہل خانہ کی بھرپور پذیرائی

راولپنڈی پولیس لائنز میں پروقار تقریب، شہداء کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش، اہل خانہ کی بھرپور پذیرائی
راولپنڈی:(سید شاہد وحید ہاشمی)یومِ شہداء پولیس کے موقع پر پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز راولپنڈی میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا،جس میں راولپنڈی پولیس کے شہداء کے اہل خانہ کو خصوصی طور پر مدعو کیا گیا۔ تقریب میں ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) راولپنڈی، سٹی پولیس آفیسر (سی پی او) راولپنڈی، سینئر پولیس افسران اور شہداء کی فیملیز نے شرکت کی۔تقریب کے آغاز میں آر پی او اور سی پی او راولپنڈی نے یادگارِ شہداء پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہداء کے درجات کی بلندی، وطن کی سلامتی اور ملکی امن کے لیے خصوصی دعا کی۔ اس موقع پر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہداء کو سلامی پیش کی۔بعد ازاں آر پی او اور سی پی او نے شہداء کے اہل خانہ سے ملاقات کی، ان کی خیریت دریافت کی، بچوں سے شفقت کا اظہار کیا اور ان کے ساتھ وقت گزارا۔ تقریب کے اختتام پر افسران نے شہداء کی فیملیز کے ہمراہ ظہرانہ کیا جبکہ بچوں میں تحائف بھی تقسیم کیے گئے۔سی پی او راولپنڈی نے اپنے خطاب میں کہا کہ راولپنڈی پولیس کے 122 شہداء نے وطن عزیز کے امن، شہریوں کے تحفظ اور جرائم کے خلاف جنگ میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے فرض شناسی اور بہادری کی لازوال مثال قائم کی۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کی فیملیز راولپنڈی پولیس کی اولین ترجیح ہیں اور انہیں یقین دلاتے ہیں کہ محکمہ ان کا اسی طرح خیال رکھے گا جیسے اپنے خاندان کا رکھا جاتا ہے۔
آر پی او راولپنڈی نے کہا کہ شہداء پولیس قوم کا فخر اور ہمارے لیے مشعلِ راہ ہیں۔ ان کی بے مثال قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور شہداء کے اہل خانہ ہمارے لیے انتہائی قابلِ احترام ہیں، جن کی ہر ممکن دیکھ بھال اور معاونت جاری رکھی جائے گی۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ وطن کے دفاع، عوام کی خدمت اور جرائم کے خاتمے کے لیے تمام پولیس اہلکاروں کو شہداء جیسا جذبہ، ہمت اور اخلاص عطا فرمائے۔