ڈسٹرکٹ برڈ ہیزرڈ کنٹرول کمیٹی کا اجلاس ڈی سی آفس کمیٹی روم میں منعقد ہوا

داؤدخیل (ضیاءنیازی سے)ڈسٹرکٹ برڈ ہیزرڈ کنٹرول کمیٹی کا اجلاس ڈی سی آفس کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت ڈپٹی کمشنر شاہد عباس کاٹھیا نے کی۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد شاہد کھوکھر، اے ڈی سی جی ماجد بن احمد، فلائیٹ سیفٹی آفیسر محمد تاثیر، سی او میونسپل کمیٹی مبشر کلیم گلِ، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر میاں کاشف علی،ڈسٹرکٹ منیجر ستھرا پنجاب سید غلام مرتضیٰ کے علاؤہ دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر اے ڈی سی آر نے ائیر بیس کے اطراف میں صفائی ستھرائی، کبوتر و پتنگ اڑانے اور ہوائی فائرنگ کی روک تھام اور فلائیٹ سیفٹی امور سے متعلق ایجنڈا پیش کیا۔اجلاس سے ڈپٹی کمشنر نے خطاب کر تے ہو ئے کہا کہ پاکستان ائیر فورس کے ہو ائی جہاز اور ہوا باز ہمار ا قیمتی اثاثہ ہیں اور ان کی حفاظت ہماری قومی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ کھلے عام گندگی پھینکنے سے پرندے اس پر منڈلاتے رہتے ہیں جو ہمارے قیمتی ہوائی جہازوں اور ہوا بازوں کیلئے خطرناک ثابت ہوسکتے ہیں۔ انھوں نے ستھرا پنجاب کے افسران کو ہدایت کی کہ پی اے ایف ائیر بیس کے گرد ونواح میں صفائی ستھرائی کو یقینی بنایا جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے پولیس حکام کو ہدایت کی کہ پتنگ بازی، کبوتر اڑانے اور ہوائی فائرنگ کرنے والے عناصر کے خلاف موئثر قانو نی کاروائی عمل میں لائی جا ئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پرائیویٹ ہسپتالوں کے کوڑا کرکٹ کو با قاعدہ ایس او پیز کے مطابق ٹھکا نے لگا یا جا ئے۔ انھوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ شہریوں کی آگاہی کیلئے نمایاں مقامات پر کھلے عام گندگی نہ پھینکنے سے متعلق بینرز، پینا فلیکسز آویزاں کئے جا ئیں۔