اے این ایف کا ملک بھر میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن

4 کارروائیوں میں 2 ملزمان گرفتار، 2 کروڑ 5 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 187 کلوگرام چرس اور افیون برآمد

اسلام آباد(آصف ملک) اینٹی نارکوٹکس فورس نے ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 4 کارروائیوں کے دوران 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 2 کروڑ 5 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 187 کلوگرام چرس اور افیون برآمد کی گئی۔ اے این ایف ترجمان کے مطابق کلی ساغر روڈ لورالائی کے قریب ایک ٹرک سے 28.8 کلوگرام چرس برآمد کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔ جی ٹی روڈ راولپنڈی پر ہسپتال کے قریب رکشے کی تلاشی کے دوران 10.8 کلوگرام چرس برآمد کرکے ایک ملزم کو گرفتار کیا گیا۔ دالبندین، ضلع چاغی میں گاڑی سے 145 کلوگرام افیون برآمد کرلی گئی جبکہ حاجی کیمپ پشاور کے کوریئر آفس میں ایک پارسل کے اندر چولہے میں چھپائی گئی 2.4 کلوگرام چرس برآمد ہوئی۔ ترجمان کے مطابق تمام کارروائیوں کے بعد انسداد منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔