مال روڈ پر سکیورٹی فورسز پر فائرنگ، جوابی کارروائی میں حملہ آور ہلاک

مال روڈ پر سکیورٹی فورسز پر فائرنگ، جوابی کارروائی میں حملہ آور ہلاک
راولپنڈی:(سید شاہد وحید ہاشمی)مال روڈ پر سکیورٹی فورسز پر فائرنگ کے واقعے میں ایک اہلکار زخمی جبکہ جوابی کارروائی میں فائرنگ کرنے والا شخص ہلاک ہوگیا۔راولپنڈی پولیس نے واقعے سے متعلق اہم تفصیلات جاری کردی ہیں۔پولیس ترجمان کے مطابق 11 اگست کو صبح 11 بج کر 15 منٹ پر مال روڈ پر محمد حسین نامی شخص نے سکیورٹی فورسز کی پیٹرولنگ ٹیم پر اچانک فائرنگ کردی۔فائرنگ کے نتیجے میں پیٹرولنگ ٹیم کا ایک اہلکار زخمی ہوگیا۔ترجمان کے مطابق سکیورٹی فورسز نے فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے حملہ آور کی فائرنگ کا مؤثر جواب دیا، جس کے نتیجے میں محمد حسین موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے حملہ آور کے قبضے سے ملنے والے موبائل فون اور دیگر سامان کی تفتیش کے دوران اہم شواہد حاصل ہوئے ہیں۔ ابتدائی تحقیقات میں مبینہ طور پر حملہ آور کے ایک مخصوص سیاسی جماعت سے تعلق کے شواہد سامنے آئے ہیں۔
پولیس کے مطابق واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں جبکہ برآمد ہونے والے شواہد کی روشنی میں قانونی کارروائی اور دیگر پہلوؤں کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔