گوجر خان: سکیورٹی گارڈ پر حملہ، مرکزی انجمن تاجران کا فوری نوٹس

 

حلوائی گلی میں سجاوٹ کو نقصان پہنچانے سے روکنے پر گارڈ کو تشدد کا نشانہ بنانے کا الزام، ایک ملزم گرفتار، دیگر کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری

گوجر خان (صنوبر کیانی) حلوائی گلی میں ربیع الاول شریف کے حوالے سے بازار میں کی گئی سجاوٹ کو مبینہ طور پر نقصان پہنچانے سے روکنے پر اوباش نوجوانوں کی جانب سے سکیورٹی گارڈ پر حملے اور تشدد کا واقعہ پیش آیا، جس پر مرکزی انجمن تاجران نے فوری نوٹس لیتے ہوئے پولیس سے رابطہ کرلیا۔

ذرائع کے مطابق گزشتہ روز دن ایک بجے کے قریب بعض نوجوان مبینہ طور پر بازار میں کی گئی سجاوٹ کو توڑ پھوڑ کا نشانہ بنا رہے تھے۔ سکیورٹی گارڈ نے انہیں ایسا کرنے سے منع کیا تو ملزمان نے مبینہ طور پر گارڈ کو تشدد کا نشانہ بنایا اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں۔

واقعے پر مرکزی انجمن تاجران کے وفد نے صدر راجہ محمد جواد، جنرل سیکرٹری شاہد حسین بٹ اور چیئرمین شاہد قریشی کی قیادت میں ایس ایچ او سے ہنگامی ملاقات کی۔ وفد میں ایڈیشنل جنرل سیکرٹری و کھوکھا بازار کے صدر مرزا تیمور وارثی، حلوائی گلی کے صدر مجاہد خان، نائب صدور راجہ سرفراز، راجہ خرم اور شہزاد قریشی، مرکزی انجمن تاجران کے میڈیا ایڈوائزر مرزا شعبان، تاجر گل محمد، چوہدری خالد، راجہ کلیم، راجہ خرم اور دیگر تاجر شامل تھے۔

تاجر رہنماؤں نے واقعے پر سخت موقف اختیار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ سکیورٹی گارڈ پر حملہ کرنے والے ملزمان کے خلاف قانون کے مطابق فوری اور بلاامتیاز کارروائی کی جائے۔ ایس ایچ او نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے مقدمہ درج کرلیا، جبکہ ایک ملزم کو موقع پر گرفتار کرلیا گیا۔ پولیس کے مطابق دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔