صدرِ مملکت اور چیئرمین سینیٹ کی بیرونِ ملک موجودگی، ایاز صادق آئین کے آرٹیکل 49(2) کے تحت صدر کے فرائض انجام دیں گے
اسلام آباد (اظہار خان نیازی) اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے قائم مقام صدرِ پاکستان کا منصب سنبھال لیا ہے۔ صدرِ مملکت کے 27 سے 31 اگست تک آسٹریا کے دورے اور چیئرمین سینیٹ کی سرکاری دورے پر بیرونِ ملک روانگی کے باعث اسپیکر قومی اسمبلی کو قائم مقام صدر کی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔
قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق صدرِ مملکت اور چیئرمین سینیٹ دونوں کی پاکستان میں عدم موجودگی کے پیشِ نظر اسپیکر سردار ایاز صادق صدرِ مملکت یا چیئرمین سینیٹ کی وطن واپسی تک قائم مقام صدر کے فرائض انجام دیں گے۔
سردار ایاز صادق آئینِ پاکستان کے آرٹیکل 49 کی شق 2 کے تحت قائم مقام صدر کی حیثیت سے ذمہ داریاں ادا کریں گے۔ مذکورہ آئینی شق صدرِ مملکت کی عدم موجودگی میں ان کے فرائض کی انجام دہی سے متعلق ہے۔
قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق قائم مقام صدر کی حیثیت سے سردار ایاز صادق صدرِ مملکت کے آئینی فرائض انجام دیں گے۔





