تعلیمی اداروں کے اطراف سمیت 7 کارروائیاں، 82 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 78.74 کلوگرام منشیات برآمد
اسلام آباد (آصف ملک) اینٹی نارکوٹکس فورس نے تعلیمی اداروں کے اطراف اور ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 7 کارروائیوں کے دوران 7 ملزمان کو گرفتار کرلیا، کارروائیوں میں 82 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 78.74 کلوگرام منشیات برآمد کرلی گئی۔ ترجمان اے این ایف کے مطابق اسلام آباد میں یونیورسٹی کے قریب کارروائی کے دوران ملزم کے قبضے سے 600 گرام آئس اور 600 گرام ہیروئن برآمد ہوئی، گرفتار ملزم نے تعلیمی اداروں کے طلباء کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف کیا۔ ترجمان کے مطابق بالاکوٹ روڈ مانسہرہ کے قریب گاڑی سے 12 کلوگرام چرس برآمد کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا، اسلام آباد کے قریب ٹول پلازہ پر ٹرک سے 36 کلوگرام چرس، 4.8 کلوگرام افیون اور 4 کلوگرام آئس برآمد کرکے ملزم کو گرفتار کیا گیا۔ جامشورو ٹول پلازہ کے قریب کارروائی میں ملزم کے قبضے سے کپڑوں میں جذب کی گئی 6.09 کلوگرام آئس برآمد ہوئی، کالا شاہ کاکو ٹول پلازہ شیخوپورہ کے قریب گاڑی کی تلاشی کے دوران 3.6 کلوگرام چرس اور 200 گرام آئس برآمد کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔ دادو کینال سکھر کے قریب کارروائی میں ملزم کے قبضے سے 10.7 کلوگرام بھنگ جبکہ ایم ون لنک روڈ راولپنڈی کے قریب کارروائی کے دوران ملزم سے 150 گرام وزنی ہیروئن بھرے 4 کیپسول برآمد کئے گئے۔ ترجمان اے این ایف کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ 1997ء کے تحت مقدمات درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔





