






ایک کروڑ 60 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 83.7 کلوگرام منشیات برآمد، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ بھیجے جانے والے پارسلوں سے آئس بھی پکڑی گئی
اسلام آباد (آصف ملک) انسدادِ منشیات فورس (اے این ایف) نے ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 8 ملزمان کو گرفتار کر لیا، جبکہ ایک کروڑ 60 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 83.7 کلوگرام مختلف اقسام کی منشیات برآمد کر لی۔ ترجمان اے این ایف کے مطابق ملک بھر میں کی گئی 8 مختلف کارروائیوں کے دوران آئس، چرس اور ہیروئن کی بڑی کھیپ قبضے میں لے لی گئی۔
ترجمان کے مطابق جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی کے کارگو شیڈ میں آسٹریلیا بھیجے جانے والے پارسل کی تلاشی کے دوران کپڑوں میں جذب کی گئی 2.2 کلوگرام آئس برآمد کی گئی۔ اسی طرح راولپنڈی کے ایک کوریئر آفس میں نیوزی لینڈ بھیجے جانے والے پارسل میں اسٹیل کنٹینر کے اندر چھپائی گئی 1.2 کلوگرام آئس بھی قبضے میں لے لی گئی۔
پشاور رنگ روڈ کے قریب ایک گاڑی سے 38.4 کلوگرام چرس برآمد کر کے 2 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جبکہ سپر ہائی وے کراچی کے قریب ایک ٹرک سے 18 کلوگرام چرس برآمد ہونے پر ایک ملزم کو حراست میں لیا گیا۔
لاہور کے علاقے کالا شاہ کاکو ٹول پلازہ کے قریب ایک گاڑی سے 7 کلوگرام ہیروئن برآمد کر کے 3 ملزمان گرفتار کیے گئے۔ ایم ون لنک روڈ راولپنڈی کے قریب ایک گاڑی سے 7.2 کلوگرام چرس برآمد ہونے پر ایک ملزم کو گرفتار کیا گیا، جبکہ مانسہرہ کے بیدرہ انٹرچینج کے قریب ایک اور گاڑی سے 7.2 کلوگرام چرس برآمد کر کے ایک ملزم کو حراست میں لیا گیا۔
ایک اور کارروائی میں ناصر باغ روڈ پشاور کے ایک کوریئر آفس میں منی الیکٹرک اوون کے اندر مہارت سے چھپائی گئی 2.5 کلوگرام آئس برآمد کر لی گئی۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق تمام ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔





