اے این ایف کا تعلیمی اداروں کے اطراف اور ملک بھر میں منشیات کے خلاف کریک ڈاؤن، 5 ملزمان گرفتار

7 کارروائیوں میں 2 کروڑ 91 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 135.9 کلوگرام منشیات برآمد، طلبہ کو آئس فروخت کرنے والا ملزم بھی گرفتار

اسلام آباد (آصف ملک)اینٹی نارکوٹکس فورس نے تعلیمی اداروں کے اطراف اور ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 7 کارروائیوں کے دوران 5 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ کارروائیوں میں مجموعی طور پر 2 کروڑ 91 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 135.9 کلوگرام منشیات برآمد کی گئی۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق ملیر کراچی میں کارروائی کے دوران ایک ملزم کے قبضے سے 110 گرام آئس برآمد ہوئی۔ گرفتار ملزم نے دوران تفتیش تعلیمی اداروں کے طلبہ کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف کیا۔
راولپنڈی کے کوریئر آفس میں سعودی عرب جانے والے پارسل کی تلاشی کے دوران ایل ای ڈی لائٹس میں پلاسٹک شیٹ میں جذب کی گئی 29.36 کلوگرام آئس برآمد کرلی گئی، جبکہ اسی کوریئر آفس میں ایک اور کارروائی کے دوران برطانیہ سے آنے والے پارسل سے 30 گرام ویڈ برآمد ہوئی۔
سیالکوٹ میں ڈسکہ روڈ کے قریب موٹر سائیکل سوار ملزم سے 48 کلوگرام چرس برآمد کی گئی، جبکہ ڈسکہ روڈ ہی پر ایک اور کارروائی میں موٹر سائیکل سوار ملزم کے قبضے سے 15 کلوگرام آئس اور 8.4 کلوگرام ہیروئن برآمد ہوئی۔
تھکوٹ، ضلع بٹگرام کے قریب ٹرک کی تلاشی کے دوران 18 کلوگرام چرس برآمد کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔
کوئٹہ کے سریاب روڈ بس ٹرمینل کے قریب کارروائی میں سپرے مشینوں میں چھپائی گئی 17 کلوگرام چرس برآمد کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔
ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کرکے مزید تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔