ایپسما کی کاوشیں کامیاب، نجی تعلیمی اداروں کے لیے بلڈنگ فٹنس سرٹیفکیٹ کا مسئلہ حل،ابرار احمد خان

راولپنڈی(نیوز رپورٹر)

ایپسما کی کاوشیں کامیاب، نجی تعلیمی اداروں کے لیے بلڈنگ فٹنس سرٹیفکیٹ کا مسئلہ حل،ابرار احمد خان

آل پاکستان پرائیویٹ سکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن (ایپسما) کی مسلسل کوششوں کے نتیجے میں حکومتِ پنجاب کے سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے 17 جولائی 2026ء کو نیا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا،جس کے تحت نجی تعلیمی ادارے اب بلڈنگ فٹنس سرٹیفکیٹ کمیونیکیشن اینڈ ورکس (C&W) ڈیپارٹمنٹ کے علاوہ پاکستان انجینئرنگ کونسل (PEC) سے رجسٹرڈ سول انجینئر یا انجینئرنگ فرم سے بھی حاصل کر سکیں گے۔

ایپسما کے مطابق 7 جولائی 2026ء کو مرکزی چیئرمین کاشف ادیب جوادانی، صدر ایپسما لاہور و قصور چوہدری محمد عباس اور مرکزی جوائنٹ سیکرٹری محمد حسنین چوہدری نے وزیر مواصلات پنجاب اور متعلقہ سیکرٹری سے ملاقات کر کے مسئلہ اٹھایا، جبکہ بعد ازاں وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات خان سے ملاقات میں اس کا حل طے پایا۔ایپسما نے اس فیصلے پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات خان اور سیکرٹری سکول ایجوکیشن پنجاب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے ہزاروں نجی تعلیمی اداروں، لاکھوں طلبہ اور والدین کو سہولت ملے گی۔ایپسما نے یاد دلایا کہ 2023ء میں صرف بلڈنگ ڈیپارٹمنٹ سے سرٹیفکیٹ لینے کی شرط پر شدید مشکلات پیدا ہوئی تھیں، جس پر ایپسما شمالی پنجاب کے صدر ابرار احمد خان نے متعدد ملاقاتوں اور تحریری مراسلت کے ذریعے تحفظات پیش کیے۔ اس کے نتیجے میں 5 جنوری 2024ء کو PEC سے رجسٹرڈ انجینئرز کے سرٹیفکیٹس بھی تسلیم کیے گئے، جبکہ حالیہ نوٹیفیکیشن اس مؤقف کی توثیق ہے۔ایپسما کی مرکزی قیادت نے اس کامیابی پر نجی تعلیمی اداروں کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔