ایف آئی اے امیگریشن کی کارروائی، موبائل فونز کی فرانزک جانچ میں انسانی سمگلنگ نیٹ ورک سے رابطوں کا انکشاف، مسافر اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کے حوالے
اسلام آباد (آصف ملک) وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) امیگریشن اسلام آباد ائرپورٹ نے عمرہ ویزے کی آڑ میں سعودی عرب کو ٹرانزٹ کے طور پر استعمال کرتے ہوئے یورپ جانے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے چار مسافروں کو آف لوڈ کر دیا۔ کارروائی آج 20 جولائی کو فلائی جناح کی پرواز نمبر 9P700 کے ذریعے سعودی عرب روانگی سے قبل سیکنڈری پروفائلنگ کے دوران عمل میں لائی گئی۔
ایف آئی اے کے مطابق سفری دستاویزات کی تفصیلی جانچ کے دوران معلوم ہوا کہ ایک مسافر کو اس سے قبل ترکی میں غیر قانونی داخلے پر ڈیپورٹ کیا جا چکا تھا، جبکہ دو مسافروں کے قبضے سے آذربائیجان کے وزٹ ویزے بھی برآمد ہوئے، جس سے غیر قانونی مائیگریشن کے شبہات مزید مضبوط ہو گئے۔
ترجمان کے مطابق مسافروں کے موبائل فونز کی فرانزک جانچ سے انکشاف ہوا کہ دو مسافر اپنی والدہ کو عمرہ کی ادائیگی کے بہانے سعودی عرب لے جا رہے تھے، جہاں سے والدہ کو واپس پاکستان بھیجنے اور خود باکو۔سربیا روٹ کے ذریعے غیر قانونی طور پر یورپ جانے کا منصوبہ بنایا گیا تھا۔
تحقیقات کے دوران حاصل ہونے والے چیٹ ریکارڈ سے یہ بھی معلوم ہوا کہ ملزمان انسانی سمگلنگ نیٹ ورک کے ایجنٹس سے مسلسل رابطے میں تھے، جبکہ آذربائیجان کے وزٹ ویزوں کی موجودگی نے ان کے مبینہ روابط کو مزید تقویت دی۔
ایف آئی اے نے چاروں مسافروں کو آف لوڈ کرنے کے بعد مزید قانونی کارروائی کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل اسلام آباد کے حوالے کر دیا ہے، جہاں واقعہ کی مزید تفتیش جاری ہے۔





