جعلی نکاح نامے پر پاکستانی فیملی ویزا حاصل کرنے والا آسٹریلوی پاسپورٹ ہولڈر افغان نژاد مسافر اسلام آباد ائرپورٹ سے آف لوڈ

ایف آئی اے امیگریشن کی کارروائی، جعلی میرج رجسٹریشن سرٹیفکیٹ بے نقاب، مسافر مزید قانونی کارروائی کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کے حوالے

اسلام آباد (رپورٹ:اظہار خان نیازی) فیڈرل انوسٹیگیشن ایجنسی کے اسلام آباد زون کی امیگریشن ٹیم نے اسلام آباد انٹرنیشنل ائرپورٹ پر سیکنڈری پروفائلنگ کے دوران آسٹریلوی پاسپورٹ رکھنے والے افغان نژاد مسافر کو آف لوڈ کر دیا۔ مسافر ایمریٹس کی پرواز نمبر ای کے-613 کے ذریعے آسٹریلیا روانہ ہو رہا تھا۔

ایف آئی اے کے مطابق سفری دستاویزات کی تفصیلی جانچ کے دوران انکشاف ہوا کہ مسافر نے غلط بیانی اور جعلی دستاویزات کی بنیاد پر پاکستانی فیملی ویزا حاصل کیا تھا۔ مسافر نے مؤقف اختیار کیا کہ اس نے پاکستانی شہری مریم انور سے شادی کی ہے اور اس حوالے سے نکاح نامہ بھی پیش کیا، تاہم پروفائلنگ کے دوران وہ اپنی شادی کے حق میں کوئی قابلِ قبول ثبوت پیش نہ کر سکا۔

ترجمان کے مطابق جانچ پڑتال میں پیش کیا گیا میرج رجسٹریشن سرٹیفکیٹ بھی جعلی ثابت ہوا، جو صرف پاکستانی فیملی ویزا حاصل کرنے کے مقصد سے تیار کیا گیا تھا۔

ابتدائی تفتیش سے معلوم ہوا کہ مسافر 29 مئی 2026 کو اسی جعلی دستاویزات کی بنیاد پر حاصل کیے گئے فیملی ویزا پر پاکستان میں داخل ہوا تھا۔ مزید انکشاف ہوا کہ اس نے آسٹریلیا میں مقیم ایک ایجنٹ کو 300 آسٹریلوی ڈالر ادا کرکے یہ پاکستانی فیملی ویزا حاصل کیا تھا۔

ایف آئی اے نے مسافر کو آف لوڈ کرنے کے بعد مزید قانونی کارروائی کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل اسلام آباد کے حوالے کر دیا ہے، جبکہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔