قتل کو بجلی کا کرنٹ لگنے کا واقعہ ظاہر کرکے فوری تدفین کی گئی، سیف سٹی کیمروں اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ملزمان بے نقاب،افسران کی جانب سےپولیس ٹیموں کو شاباش
اسلام آباد (کرائم رپورٹر) اسلام آباد پولیس نے تھانہ بنی گالا کی حدود میں پیش آنے والے خاتون کے اندھے قتل کے مقدمے کو ٹریس کرتے ہوئے تین ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزمان میں مقتولہ کا سگا باپ، سابق شوہر اور سسر شامل ہیں۔
ترجمان پولیس کے مطابق ملزمان نے مورخہ 20 مئی 2026 کو مسماۃ بشریٰ کو قتل کیا تھا۔ قتل کے بعد ملزمان نے واقعے کو بجلی کا کرنٹ لگنے سے ہونے والی موت ظاہر کیا اور جلد بازی میں مقتولہ کی تدفین بھی کر دی تاکہ جرم کے شواہد کو چھپایا جا سکے۔ تھانہ بنی گالا پولیس نے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے سیف سٹی کیمروں، ہیومن انٹیلی جنس اور جدید تفتیشی ٹیکنالوجی کی مدد سے اندھے قتل کے اس مقدمے کو ٹریس کیا۔ تحقیقات کے دوران حاصل ہونے والے شواہد کی بنیاد پر ظاہر شاہ (سگا باپ)، اسد خان (سابق شوہر) اور پیر محمد (سسر) کو گرفتار کر لیا گیا۔ڈی آئی جی اسلام آباد محمد جواد طارق نے اندھے قتل کے مقدمے کو کامیابی سے حل کرنے اور ملزمان کی گرفتاری پر پولیس ٹیموں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں شاباش دی۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد پولیس شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے اور سنگین جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں عمل میں لائی جا رہی ہیں۔ڈی آئی جی اسلام آباد کا مزید کہنا تھا کہ گرفتار ملزمان کے خلاف مضبوط شواہد کی بنیاد پر تفتیش کو آگے بڑھایا جا رہا ہے اور انہیں قرار واقعی سزا دلوانے کے لیے تمام قانونی تقاضے مکمل کیے جائیں گے۔





