مری (راجہ عثمان علی)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے تحت مری میں جدید، ماحول دوست الیکٹرک گرین بس سروس کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا۔ افتتاح رکن پنجاب اسمبلی راجہ اسامہ سرور نے کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر مری آغا ظہیر عباس شیرازی، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈاکٹر رضا تنویر سپرا، چیف ٹریفک آفیسر منیر ہاشمی، سیاسی و سماجی شخصیات اور شہریوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اپنے آن لائن خطاب میں کہا کہ انہوں نے مری کے عوام سے کیا گیا وعدہ پورا کر دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مری ملک کا اہم سیاحتی مرکز ہے جہاں سیاحوں اور مقامی شہریوں کو سفری مشکلات کا سامنا رہتا تھا، اسی لیے پنجاب حکومت نے ماحول دوست الیکٹرک گرین بس سروس کا آغاز کیا ہے، جبکہ مستقبل میں مزید بسیں بھی اس منصوبے میں شامل کی جائیں گی۔گرین بس سروس کے آغاز سے مری کے شہریوں اور سیاحوں کو محفوظ، آرام دہ، باوقار اور معیاری سفری سہولت میسر آئے گی۔ یہ منصوبہ روزانہ سفر کرنے والے ہزاروں افراد کے لیے آسانی پیدا کرے گا اور ٹریفک کے دباؤ میں کمی کے ساتھ ساتھ ماحولیاتی آلودگی میں بھی نمایاں کمی لانے میں مددگار ثابت ہوگا۔تقریب کے دوران بتایا گیا کہ گرین بس سروس کا کرایہ صرف 30 روپے مقرر کیا گیا ہے تاکہ ہر طبقہ فکر کے افراد کم خرچ میں جدید پبلک ٹرانسپورٹ کی سہولت حاصل کر سکیں۔شہریوں اور مختلف سماجی حلقوں نے وزیراعلیٰ پنجاب کے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ مری کے لیے ایک بہترین تحفہ ہے، جس سے مقامی آبادی اور سیاح دونوں جدید اور معیاری سفری سہولت سے مستفید ہوں گے۔





