آزاد کشمیر میں جانی نقصان کے واقعات پر گہری تشویش، شفاف تحقیقات اور مذاکرات کے ذریعے مسائل حل کرنے کا مطالبہ

لندن/اسلام آباد (خصوصی رپورٹ) گلوبل پاک کشمیر سپریم کونسل کے چیئرمین راجہ سکندر خان اور کشمیر انٹرنیشنل تنظیم کے صدر کالا خان نے آزاد جموں و کشمیر کے مختلف علاقوں میں پیش آنے والے حالیہ واقعات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے حکومت آزاد کشمیر سے مطالبہ کیا ہے کہ جانی نقصان کے واقعات کی مکمل، منصفانہ اور آزادانہ تحقیقات کرائی جائیں اور ذمہ دار عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔

میڈیا کے لیے جاری مشترکہ بیان میں دونوں رہنماؤں نے کہا کہ میرپور، کوٹلی اور راولاکوٹ سمیت مختلف اضلاع میں پرامن مارچوں اور مظاہروں کے دوران مبینہ طور پر بے گناہ افراد کے جاں بحق اور زخمی ہونے کی اطلاعات انتہائی افسوسناک ہیں۔ انہوں نے جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔

بیان میں کہا گیا کہ ہر حکومت کی بنیادی ذمہ داری اپنے شہریوں کے جان و مال، تحفظ اور بنیادی حقوق کا دفاع کرنا ہے، لہٰذا حکومت آزاد کشمیر، متعلقہ حکام اور قانون نافذ کرنے والے ادارے اس امر کو یقینی بنائیں کہ کسی بھی معصوم شہری کو نقصان نہ پہنچے اور عوام کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں۔

راجہ سکندر خان اور کالا خان نے حکومت آزاد کشمیر سے انٹرنیٹ سروسز کی بحالی، مواصلاتی اور ہنگامی خدمات تک بلا تعطل رسائی کی فراہمی اور قومی و بین الاقوامی میڈیا کو آزادانہ اور شفاف رپورٹنگ کی اجازت دینے کا بھی مطالبہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ جانی نقصان کے تمام متاثرین کے خاندانوں، خواہ وہ عام شہری ہوں یا قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار، کو مناسب معاوضہ فراہم کیا جانا چاہیے جبکہ زخمیوں کی بھرپور معاونت اور علاج معالجے کو یقینی بنایا جائے۔

بیان میں عوامی ایکشن کمیٹی اور آزاد کشمیر کے عوام سے اپیل کی گئی کہ وہ اپنے جمہوری حقوق کا استعمال پرامن اور قانونی دائرے میں رہتے ہوئے جاری رکھیں۔ انہوں نے زور دیا کہ انسانی جان کا کوئی نعم البدل نہیں اور تمام فریقین کو تحمل اور بردباری کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔

دونوں رہنماؤں نے وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف، فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر، حکومت آزاد کشمیر اور عوامی ایکشن کمیٹی پر زور دیا کہ وہ مذاکرات، مشاورت اور پرامن ذرائع سے مسائل کے حل کے لیے مشترکہ کوششیں کریں تاکہ خونریزی کا خاتمہ ہو اور خطے میں امن و استحکام کو فروغ مل سکے۔

انہوں نے آخر میں آزاد جموں و کشمیر اور پاکستان میں امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے دعا کرتے ہوئے معصوم جانوں کے نقصان کے سلسلے کے خاتمے کی امید ظاہر کی۔