کمشنر ہزارہ فیاض علی شاہ کی مؤثر قیادت میں ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے درمیان مثالی تعاون قائم رہا، ناصر محمود ستی
کمشنر ہزارہ کی قیادت میں ریجن کے تمام اضلاع میں گڈ گورننس اور سروس ڈیلیوری کے نظام کو مزید مؤثر، شفاف اور عوام دوست بنایا گیا،ڈی آئی جی ہزارہ
ہزارہ ریجن میں امن و امان کے قیام، عوامی خدمت اور انتظامی امور کی بہتری کیلئے پولیس اور ضلعی انتظامیہ نے ہمیشہ ایک ٹیم کی حیثیت سے کام کیا، فیاض علی شاہ کمشنر ہزارہ
ایبٹ آباد(بی بی سی رپورٹ)ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس ہزارہ ریجن ناصر محمود ستی کی جانب سے ٹرانسفر ہونیوالے کمشنر ہزارہ فیاض علی شاہ کے اعزاز ایک پروقار ظہرانے کا انعقاد کیا گیا، جس میں ہزارہ ریجن کے پولیس افسران اور سول افسران نے شرکت کی۔اس موقع پر ڈی آئی جی ہزارہ ناصر محمود ستی نے کمشنر ہزارہ فیاض علی شاہ کی پیشہ ورانہ خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی مدتِ تعیناتی کے دوران اعلیٰ انتظامی صلاحیتوں، دیانت داری اور بہترین قیادت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہزارہ ریجن میں امن و امان کے قیام، بین الادارہ جاتی ہم آہنگی اور عوامی خدمت کے فروغ کے لیے گراں قدر خدمات سرانجام دیں، جنہیں ہمیشہ قدر کی نگاہ سے یاد رکھا جائے گا۔
ڈی آئی جی ہزارہ نے کہا کہ کمشنر ہزارہ کی مؤثر قیادت میں ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے درمیان مثالی تعاون قائم رہا۔ امن و امان کی فضا کو برقرار رکھنے، ہنگامی حالات، مذہبی و قومی تہواروں اور دیگر اہم مواقع پر ضلعی انتظامیہ ہمیشہ پولیس کے شانہ بشانہ کھڑی رہی، جس کے نتیجے میں عوام کو بروقت، مؤثر اور معیاری خدمات کی فراہمی ممکن ہوئی۔
انہوں نے مزید کہا کہ کمشنر ہزارہ کی قیادت میں ریجن کے تمام اضلاع میں گڈ گورننس اور سروس ڈیلیوری کے نظام کو مزید مؤثر، شفاف اور عوام دوست بنایا گیا، جس کے مثبت اثرات عوام نے عملی طور پر محسوس کیے۔ بین الادارہ جاتی تعاون، باہمی اعتماد اور مشترکہ حکمت عملی نے ریجن میں امن و استحکام کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔
ڈی آئی جی ہزارہ نے کمشنر ہزارہ کی آئندہ ذمہ داریوں کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ وہ مستقبل میں بھی اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور قائدانہ اوصاف کے ذریعے عوامی خدمت کے سفر کو اسی جذبے سے جاری رکھیں گے۔
کمشنر ہزارہ فیاض علی شاہ نے اس موقع پر ڈی آئی جی ہزارہ ناصر محمود ستی اور پولیس افسران کی جانب سے دیے گئے اعزاز پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہزارہ ریجن میں امن و امان کے قیام، عوامی خدمت اور انتظامی امور کی بہتری کے لیے پولیس اور ضلعی انتظامیہ نے ہمیشہ ایک ٹیم کی حیثیت سے کام کیا۔ انہوں نے ہزارہ پولیس کے تعاون، پیشہ ورانہ انداز اور عوامی خدمت کے جذبے کو سراہتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ یہ باہمی تعاون مستقبل میں بھی اسی طرح جاری رہے گا۔
تقریب کے اختتام پر ڈی آئی جی ہزارہ نے کمشنر ہزارہ کو ہزارہ پولیس کی جانب سے پولیس شیلڈ و دیگر تحائف پیش کیئے۔ تقریب میں شریک دیگر پولیس و سول افسران نے بھی کمشنر ہزارہ کو تحائف پیش کیئے۔





