مری (نمائندہ خصوصی)مون سون کے دوران موچی منڈی سے شوالہ قبرستان تک جانے والا سیوریج کا مرکزی نالہ طویل عرصے سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے، تاہم متعلقہ اداروں کی جانب سے تاحال اس کی مرمت نہ کیے جانے کے باعث بارش کا پانی مختلف مقامات سے بہنا شروع ہو گیا ہے، جس سے علاقے میں لینڈ سلائیڈنگ کے شدید خطرات پیدا ہو گئے ہیں۔مقامی شہریوں کے مطابق نالے کی خستہ حالی کے باعث بارشوں کا پانی آبادی اور سڑکوں کی جانب رخ کر رہا ہے، جس سے نہ صرف شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے بلکہ قریبی رہائشی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچنے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔شہریوں نے مزید بتایا کہ موچی منڈی اور شوالہ کے علاقوں میں سیوریج نالے کے اوپر غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات قائم کی جا چکی ہیں، جہاں متعدد افراد نے مکانات بھی تعمیر کر رکھے ہیں۔ ان غیر قانونی تعمیرات کے خلاف انتظامیہ کی جانب سے کوئی مؤثر کارروائی عمل میں نہیں لائی جا سکی، جس سے کسی بھی وقت بڑا حادثہ رونما ہونے کا اندیشہ ہے۔اہلِ علاقہ نے ضلعی انتظامیہ، میونسپل حکام اور دیگر متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ سیوریج نالے کی فوری مرمت، تجاوزات کے خلاف بلاامتیاز آپریشن اور علاقے کا ہنگامی بنیادوں پر سروے کر کے ممکنہ خطرات کا سدباب کیا جائے تاکہ کسی جانی یا مالی نقصان سے بچا جا سکے۔





