سرمایہ کاری، ڈیجیٹل معیشت، زرعی ترقی اور معاشی اصلاحات پر تبادلہ خیال، کاروباری شخصیات کی شرکت
اسلام آباد (اظہار خان نیازی)چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی اور وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کے اعزاز میں جاز ورلڈ کے سربراہ ظہیر مہدی کی جانب سے عشائیہ دیا گیا، جس میں کاروباری، مالیاتی اور سماجی شعبوں کی ممتاز شخصیات نے شرکت کی۔عشائیے کے دوران ملک کی سیاسی و معاشی صورتحال، سرمایہ کاری کے فروغ، ڈیجیٹل معیشت، زرعی ترقی، نوجوانوں کے روزگار اور قومی ترقی سے متعلق مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ قومی یکجہتی، سیاسی استحکام اور معاشی اصلاحات پاکستان کی پائیدار ترقی کے لیے ناگزیر ہیں۔ انہوں نے مؤثر قانون سازی، جمہوری اداروں کے استحکام اور عوامی مسائل کے حل میں پارلیمنٹ کے کلیدی کردار پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور جدت پر مبنی معیشت مستقبل کی ضرورت ہے، جبکہ زرعی شعبے کی ترقی کے لیے جدیدٹیکنالوجی، آسان مالی سہولیات اور کسان دوست پالیسیوں کو فروغ دینا وقت کا تقاضا ہے، جس سے زرعی پیداوار اور قومی معیشت کو مزید استحکام حاصل ہوگا۔
شرکاء نے چیئرمین سینیٹ کی قیادت اور جمہوری خدمات کو سراہتے ہوئے پاکستان کی ترقی، استحکام اور خوشحالی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
عشائیے میں رکن قومی اسمبلی اسد عالم نیازی، حبیب گروپ کے سربراہ محمد علی حبیب، حبیب بینک اے جی زیورخ کے کلسٹر چیف ایگزیکٹو آفیسر محسن نتھانی سمیت ممتاز کاروباری شخصیات، سرمایہ کاروں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔





