قرآن و سنت پر عمل ہی امتِ مسلمہ کی کامیابی کا راستہ ہے، علامہ سید ریاض حسین شاہ

راولپنڈی(سٹی رپورٹر)

ادارہ تعلیمات اسلامیہ، خیابانِ سرسید راولپنڈی کے سرپرستِ اعلیٰ علامہ سید ریاض حسین شاہ نےکہا کہ قرآنِ مجید اور سنتِ رسولِ اکرم ﷺ سے مضبوط وابستگی ہی امتِ مسلمہ کی کامیابی، اتحاد اور فلاح کی ضمانت ہے۔

ادارہ تعلیمات اسلامیہ، خیابانِ سرسید راولپنڈی کے زیرِ اہتمام ہفتہ وار محفلِ ذکر و درسِ قرآن منعقد ہوئی،جس کی میزبانی کے فرائض علامہ شیخ محمد قاسم نے انجام دیے۔شرکاء کی کثیر تعداد نے خصوصی شرکت کی۔اس موقع پر سرپرستِ اعلیٰ علامہ سید ریاض حسین شاہ نے”فَعَلَيْكُمْ بِسُنَّتِي وَسُنَّةِ الْخُلَفَاءِ الرَّاشِدِينَ الْمَهْدِيِّينَ” کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مسلمانوں کو حضور اکرم ﷺ کی سنت اور خلفائے راشدینؓ کے مبارک طریقے کو مضبوطی سے اختیار کرنا چاہیے۔ انہوں نے حضرت ابوبکر صدیقؓ، حضرت عمر فاروقؓ، حضرت عثمان غنیؓ اور حضرت علی المرتضیٰؓ کی سیرت و کردار کو اتحاد، عدل، اعتدال اور ہدایت کا بہترین نمونہ قرار دیا۔علامہ سید ریاض حسین شاہ نے کہا کہ اہلِ بیتِ اطہارؓ سے محبت ایمان کا تقاضا ہے، جبکہ اولیائے کرام کی تعلیمات محبت، اخوت، برداشت اور اللہ تعالیٰ کی اطاعت کا درس دیتی ہیں۔ درسِ قرآن کے دوران انہوں نے سورۃ السجدہ کے مضامین پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ قرآنِ مجید انسان کی انفرادی اور اجتماعی زندگی کے لیے مکمل رہنمائی فراہم کرتا ہے۔انہوں نے حاضرین کو قرآنِ کریم کے معانی و مفاہیم پر غور و فکر، سنتِ نبوی ﷺ پر عمل، عبادات میں خشوع و خضوع اختیار کرنے اور اپنی زندگی کو اسلامی تعلیمات کے مطابق ڈھالنے کی تلقین کی۔محفل کے اختتام پر امتِ مسلمہ کے اتحاد، پاکستان کی سلامتی، استحکام، ترقی و خوشحالی اور عالمِ اسلام کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ جبکہ شرکاء نے قرآن و سنت کی تعلیمات کو اپنی عملی زندگی میں اپنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔