ڈی پی او میانوالی وقار عظیم کھرل کی ہدایات پر چہلم حضرت امام حسینؓ کے موقع پر ضلع بھر میں فول پروف سیکیورٹی انتظامات

داؤدخیل(ضیاءنیازی سے)ڈی پی او میانوالی وقار عظیم کھرل کی ہدایات پر چہلم حضرت امام حسینؓ کے موقع پر ضلع بھر میں فول پروف سیکیورٹی انتظامات ڈی پی او میانوالی وقار عظیم کھرل کی ہدایات پر 20 صفر المظفر، چہلم حضرت امام حسینؓ کے سلسلے میں ضلع بھر میں منعقد ہونے والے جلوسوں اور مجالس کے لیے جامع، مؤثر اور فول پروف سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ عزاداران کو پرامن اور محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔ضلع بھر میں مجموعی طور پر 07 جلوس برآمد ہوئے، جن میں 03 اے کیٹیگری اور 04 سی کیٹیگری کے جلوس شامل تھے جبکہ 15 مجالس منعقد ہوئی، جن میں 03 بی کیٹیگری اور 12 سی کیٹیگری کی مجالس شامل تھیں جلوسوں اور مجالس کی سیکیورٹی پر 1500 سے زائد پولیس افسران و جوان تعینات کیے گئے ہیں، جبکہ مقامی انتظامیہ و منتظمین کی جانب سے فراہم کردہ 250 سے زائد رضاکار (والنٹیئرز) بھی پولیس کے شانہ بشانہ سیکیورٹی اور چیکنگ کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ شرکائے جلوس و مجالس کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے تین سطحی سیکیورٹی اور چیکنگ سسٹم نافذ کیا گیا ہے، جبکہ جلوسوں کے داخلی و خارجی راستوں پر جامع تلاشی اور نگرانی کا عمل جاری ہے۔ضلع بھر میں جلوسوں اور مجالس کے گرد و نواح میں ایلیٹ فورس، ڈولفن اسکواڈ، ضلعی پولیس اور دیگر سیکیورٹی اہلکار مسلسل گشت اور ڈیوٹی پر مامور ہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بروقت نمٹا جا سکے۔ جلوسوں کے روٹس پر حساس مقامات اور بلند عمارتوں پر سنائپرز تعینات کیے گئے ہیں، جبکہ سیف سٹی کیمروں اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے نصب سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے تمام جلوسوں اور مجالس کی مسلسل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔ لمحہ بہ لمحہ صورتحال پر نظر رکھنے اور فوری رابطے کو یقینی بنانے کے لیے پولیس کنٹرول روم اور ڈپٹی کمشنر آفس کنٹرول روم مکمل طور پر فعال ہیں، جہاں افسران چوبیس گھنٹے ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں۔ ڈی پی او میانوالی وقار عظیم کھرل نے کہا کہ تمام سرکل افسران، ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز خود فیلڈ میں موجود رہ کر سیکیورٹی انتظامات کی نگرانی کر رہے ہیں، جبکہ تمام افسران و جوان چہلم کے جلوسوں اور مجالس کے پرامن اختتام تک اپنی ڈیوٹی پر موجود رہیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ ضلع میں امن و امان کی فضا کو برقرار رکھنے کے لیے شرپسند اور قانون شکن عناصر پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے، اور کسی بھی امن دشمن سرگرمی میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق بلاامتیاز اور آہنی ہاتھوں سے کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔