دو ہفتے قبل سابقہ رنجش پر ساتھی سمیت فائرنگ کر کے شہری کو قتل کیا، مرکزی ملزم ٹیکنیکل اور ہیومن انٹیلی جنس کی مدد سے گرفتار
راولپنڈی (صنوبر کیانی)تھانہ گوجرخان پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دو ہفتے قبل سابقہ رنجش پر ساتھی کے ہمراہ فائرنگ کر کے ایک شہری کو قتل کرنے والے مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان راولپنڈی پولیس کے مطابق ملزم واردات کے بعد روپوش ہو گیا تھا۔ واقعے کا مقدمہ درج کرنے کے بعد گوجرخان پولیس نے ٹیکنیکل اور ہیومن انٹیلی جنس ذرائع بروئے کار لاتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق مقدمے میں ملوث ملزم کے ساتھی کی گرفتاری کے لیے بھی کارروائیاں جاری ہیں اور اسے جلد قانون کی گرفت میں لایا جائے گا۔
ایس پی صدر انعم شیر نے کہا کہ گرفتار ملزم کو ٹھوس شواہد کے ساتھ عدالت میں چالان کیا جائے گا اور قتل سمیت سنگین جرائم میں ملوث عناصر کو قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دلانے کے لیے تمام قانونی تقاضے پورے کیے جائیں گے۔





