مہنگےبجلی، پٹرول سے کاروباری شعبہ زوال کا شکار ہے: خرم نواز گنڈاپور

بزنس ماڈل دیانتداری،شفافیت اور اعتماد سے کامیاب ہوتا ہے:ناظم اعلیٰ منہاج القرآن

ینگ بزنس ایسوسی ایشن کے اجلاس سے خطاب

ینگ بزنس ایسوسی ایشن نوجوان تاجر و صنعتکاروں کی آواز بنے گی: الطاف حسین رندھاوا

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)
ینگ بزنس ایسوسی ایشن کا اہم اجلاس مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹائون میں منعقد ہوا جس میں ناظمِ اعلیٰ منہاج القرآن انٹرنیشنل خرم نواز گنڈاپور نے خصوصی شرکت کی۔ اجلاس کی صدارت چیئرمین ینگ بزنس ایسوسی ایشن الطاف حسین رندھاوا نے کی، جبکہ ایسوسی ایشن کے عہدیداران اور نوجوان کاروباری شخصیات بھی شریک ہوئیں۔اجلاس میں نوجوان تاجروں کی تربیت، ممبر شپ مہم، کاروباری ورکشاپس کے انعقاد اور کاروباری برادری کو درپیش مسائل کے حل کے حوالے سے مختلف تجاویز پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئےخرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ مہنگی بجلی، پٹرول اور گیس کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے صنعتی اور کاروباری شعبے کو شدید مشکلات سے دوچار کر دیا ہے۔معاشی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے کاروباری طبقے کو سازگار ماحول فراہم کرنا ناگزیر ہے۔ نوجوانوں کی کاروباری تربیت کےلئے اقدامات ناگزیر ہیں۔خرم نواز گنڈاپورنے کہا کہ نوجوانوں کو جدید کاروباری تقاضوں، ڈیجیٹل مارکیٹنگ، ٹیکنالوجی اور مالیاتی نظم و نسق سے آگاہ کرکے انہیں کامیاب کاروباری افراد بننے کے مواقع فراہم کیے جا سکتے ہیں۔خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ بزنس ماڈل دیانت داری، شفافیت، محنت اور اعتماد سے کامیاب ہوتا ہے۔ کاروباری ترقی کے ساتھ اخلاقی اقدار کو فروغ دینا بھی ضروری ہے تاکہ مضبوط اور دیرپا کاروباری تعلقات قائم ہوں۔انہوں نے مزید کہا کہ ملکی آبادی کے 68 فیصد نوجوان طبقے کو حالات کے رحم و کرم پر چھوڑ دینا قومی المیہ ہے۔ نوجوانوں کو تعلیم، ہنر، کاروبار اور روزگار کے مواقع فراہم کرنا قومی ترجیح ہونی چاہیے۔ نوجوانوں کو بااختیار بنائے بغیر ملک کی پائیدار معاشی ترقی کا خواب شرمندۂ تعبیر نہیں ہو سکتا۔چیئرمین ینگ بزنس ایسوسی ایشن الطاف حسین رندھاوا نے کہا کہ ایسوسی ایشن نوجوان تاجروں کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کرکے ان کے مسائل اجاگر کرنے، باہمی روابط بڑھانے اور کاروباری ترقی کے لیے رہنمائی فراہم کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان تاجروں کی ممبر شپ کا عمل شروع کر دیا گیا ہے اور مختلف کاروباری شعبوں سے وابستہ نوجوانوں کو ایسوسی ایشن کا حصہ بنایا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ینگ بزنس ایسوسی ایشن نے کاروباری برادری کو وسیع تر نمائندگی دینے کے لیے پہلی بار فاسٹ فوڈ اور کیفے سیکٹر کے بزنس ہولڈرز کو بھی ایسوسی ایشن میں شامل کیا ہے، جس سے مختلف شعبوں سے وابستہ نوجوان کاروباری افراد کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم میسر آئے گا۔اجلاس میں سینئر ایڈوائزری کونسل کے ایگزیکٹو ممبرز فاروق علوی،چوہدری محمد افضل گجر،محمد نوید بٹ،رانا منظور احمد خان،محمد شاہد و دیگر نے شرکت کی۔اجلاس میںچوہدری زوہیب فاروق گجر کو لاہور کا کنونیر، چوہدری نعمان افضل کو آرگنائزر،چوہدری عثمان افضل کو مرکزی کنوینیر رئیل سٹیٹ۔،طاہر فاروق علوی کو مرکزی کنونیر الیکٹرانک سیکٹر،رانا شعیب احمد کو مرکزی کنوینیر کریانہ مرچنٹ ایسوسی ایشن،میاں محب الحسن پیر زادہ کو مرکزی کنونیر ہائی رائز رئیل سٹیٹ،حافظ فیصل عریب کو ای کامرس اور رانا عثمان کو فری لانسنگ کنوینیر مقرر کیا گیا۔