وزیر داخلہ محسن نقوی کا علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور کا اچانک دورہ

امیگریشن کاؤنٹرز کا معائنہ، تمام کاؤنٹرز کھلے رکھنے کا حکم، نامکمل سفری دستاویزات پر سفر کی اجازت نہ دینے کی ہدایت

لاہور(بیورو رپورٹ) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور کا اچانک دورہ کیا اور مسافروں کے امیگریشن عمل کا جائزہ لیا۔ وزیر داخلہ نے امیگریشن کاؤنٹرز کا معائنہ کیا اور عملے سے کارروائی کے دورانیے کے بارے میں دریافت کیا۔ انہوں نے مسافروں سے بھی امیگریشن کے حوالے سے سہولیات اور انتظار کے وقت کے بارے میں پوچھا۔ مسافروں نے بتایا کہ امیگریشن کے عمل میں تقریباً 30 منٹ لگ رہے ہیں اور انتظامات مزید بہتر بنانے کی استدعا کی۔ وزیر داخلہ نے مسافروں کو امیگریشن کا عمل مزید تیز کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے فوری ایکشن لیا اور امیگریشن کا عمل تیز کرنے کے لیے ایئرپورٹ پر تمام کاؤنٹرز کھلے رکھنے کے احکامات جاری کیے۔ انہوں نے کہا کہ اضافی کاؤنٹرز کھلے رکھنے سے امیگریشن میں تاخیر کم ہوگی اور مسافروں کو سہولت ملے گی۔ ایک مسافر نے ایجنٹ کی جانب سے رقم لینے کی شکایت کی جس پر وزیر داخلہ نے موقع پر ہی نوٹس لیتے ہوئے معاملہ ڈائریکٹر ایف آئی اے کے سپرد کرنے اور متعلقہ ایجنٹ کی گرفتاری کے احکامات جاری کیے۔ محسن نقوی نے ایف آئی اے حکام کو ہدایت کی کہ نامکمل سفری دستاویزات رکھنے والے کسی شخص کو ہرگز سفر کی اجازت نہ دی جائے، تاہم مکمل سفری دستاویزات رکھنے والے کسی مسافر کو بلاوجہ سفر سے نہ روکا جائے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے امیگریشن کا عمل آسان ہوا ہے جبکہ جعلی دستاویزات پر سفر کرنے والوں کے خلاف کارروائی مزید سخت کی جا رہی ہے۔