اسلام آباد(کرائم رپورٹر)کیپٹل پولیس کی کارروائی، راہزنی اور چوری کی وارداتوں میں ملوث سات ملزمان گرفتار۔ملزمان کے قبضے سے چوری شدہ موٹر سائیکلیں، قیمتی موبائل فونز، نقدی اور اسلحہ برآمد،جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی، ڈی آئی جی اسلام آباد محمد جواد طارق تفصیلات کے مطابق اسلام آباد پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کو مزید مؤثر بناتے ہوئے مختلف کارروائیوں کے دوران راہزنی، موٹر سائیکل چوری، موبائل فون چوری اور دیگر جرائم میں ملوث سات رکنی گینگ کو گرفتار کر لیا۔ تھانہ کراچی کمپنی، تھانہ گولڑہ، تھانہ بنی گالا اور تھانہ بھارہ کہو پولیس ٹیموں نے کارروائیاں کرتے ہوئے ملزمان احتشام عزیز، ارشد رحمت، سردار شاہ، ثوبان احمد، سعد فیضان شاہ، محمد زبیر اور حضرت علی کو گرفتار کیا۔گرفتار ملزمان کے قبضے سے لاکھوں روپے مالیت کے پانچ قیمتی موبائل فونز، چار چوری شدہ موٹر سائیکلیں، نقدی اور وارداتوں میں استعمال ہونے والا اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔ابتدائی تفتیش کے دوران ملزمان نے راہزنی اور چوری کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہونے کا انکشاف کیا ہے۔ ملزمان ہسپتالوں کے احاطوں میں مریضوں کے تیمارداروں سے موبائل فون، نقدی اور دیگر قیمتی اشیاء چوری کرنے کی وارداتوں میں بھی ملوث ہیں۔ ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے مزید تفتیش جاری ہے، جبکہ ان سے مزید اہم انکشافات کی توقع ہے۔





