اسلام آباد پولیس کے اے ایس آئی محمد احسن خان کا عالمی اعزاز

 

چین کی معروف پولیس یونیورسٹی سے تین سالہ ماسٹرز پروگرام مکمل، نمایاں کارکردگی پر ’’بہترین گریجویٹ‘‘ کا اعزاز حاصل کرلیا

اسلام آباد (ویب ڈیسک) اسلام آباد پولیس کے اسسٹنٹ سب انسپکٹر محمد احسن خان نے چین کی معروف کریمنل انویسٹی گیشن پولیس یونیورسٹی سے تین سالہ ماسٹرز پروگرام کامیابی سے مکمل کرلیا، شاندار تعلیمی کارکردگی پر انہیں یونیورسٹی کی جانب سے ’’بہترین گریجویٹ‘‘ کے اعزاز سے بھی نوازا گیا۔ محمد احسن خان نے چین کی اعلیٰ پولیس تعلیمی درس گاہ کے تین سالہ خصوصی اسکالرشپ ماسٹرز پروگرام میں نمایاں کامیابی حاصل کی اور دوران تعلیم بہترین نمبروں کے ساتھ اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ ان کی شاندار کارکردگی کے اعتراف میں یونیورسٹی انتظامیہ نے انہیں ’’بہترین گریجویٹ‘‘ کا اعزاز دیا۔ پولیس حکام اور شہریوں نے محمد احسن خان کی کامیابی کو اسلام آباد پولیس اور پاکستان کے لیے اعزاز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایک پاکستانی پولیس افسر کا بین الاقوامی سطح پر اعلیٰ تعلیم حاصل کرکے نمایاں اعزاز حاصل کرنا قابل فخر کامیابی ہے، جس سے نہ صرف اسلام آباد پولیس بلکہ ملک کا نام بھی روشن ہوا ہے۔