مری گرین بس منصوبہ، 6 الیکٹرک بسوں میں معمولی تکنیکی فالٹس، ڈپٹی کمشنر کا فوری نوٹس

مری (راجہ عثمان علی)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے گرین بس الیکٹرک بس منصوبے کے تحت مری پہنچنے والی 11 الیکٹرک بسوں میں سے 6 بسوں کی چیکنگ کے دوران معمولی نوعیت کے تکنیکی فالٹس سامنے آ گئے۔ ڈپٹی کمشنر مری آغا ظہیر عباس شیرازی نے معاملے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ٹیکنیکل ٹیم کے ہمراہ بسوں کا معائنہ کیا۔ڈپٹی کمشنر نے بسوں کی تکنیکی خرابیوں کو فوری دور کرنے اور مکمل فٹنس یقینی بنانے کے لیے سیکرٹری ٹرانسپورٹ کو مراسلہ ارسال کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق بسوں کی مکمل جانچ اور ضروری مرمت کے لیے چینی انجینئرز مری آئیں گے۔ڈپٹی کمشنر آغا ظہیر عباس شیرازی نے واضح کیا کہ تمام بسوں کی مکمل فٹنس اور تکنیکی کلیئرنس تک انہیں سڑکوں پر چلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق عوام اور سیاحوں کو محفوظ اور معیاری سفری سہولت کی فراہمی کے لیے تمام ضروری احتیاطی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔انتظامیہ کا کہنا ہے کہ تکنیکی مسائل دور ہونے اور مکمل فٹنس کلیئرنس کے بعد گرین بس سروس کو شہریوں اور سیاحوں کے لیے فعال کیا جائے گا تاکہ انہیں محفوظ، بہتر اور معیاری سفری سہولت فراہم کی جا سکے۔