اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) پاکستان عوامی قوت پارٹی کے سربراہ اور راول جنرل اینڈ ڈینٹل ہاسپٹل و راول فاؤنڈیشن کے چیئرمین خاقان وحید خواجہ نے کہا ہے کہ صحافی اور فنکار ہمارے معاشرے کے دو ایسے اہم ستون ہیں جن کے بغیر ترقی ممکن نہیں ۔انہوں نے یہ بات اپنے دفتر میں آئے ہوئے فنکاروں صحافیوں اور سیاسی و سماجی رہنماؤں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ ملاقات کرنے والوں میں ڈالفن کمیونیکیشن کی سی ای او اور معروف ڈرامہ ڈائریکٹر عاصمہ اسماعیل بٹ نامور صحافی خالد چوہدری۔ امجد چوہدری۔ رئیس احمد۔ محمد سلیم۔ میڈم فائزہ۔ سمیت لیاقت شاہ۔ نور شرارتی۔ عمران رشدی۔ جھلک علی۔ مفتی عتیق۔ طاہر دلپزیر اور پاکستان عوامی قوت پارٹی پنجاب کے صدر سید شاہد گیلانی شامل تھے۔ خاقان وحید خواجہ نے صحافیوں اور فنکاروں کو اپنی پارٹی کی پالیسیوں اور منشور پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان عوامی قوت پارٹی جہاں صحت۔ ٹیکنیکل تعلیم اور روزگار پر کام کر رہی ہے وہاں شعبہ صحافت اور شعبہ ثقافت کی بہتری کے لیے بھی کوشاں ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم ان دونوں شعبوں کو بہت اہمیت دیتے ہیں اور ہماری کوشش ہوگی کہ ہم انہیں اس معاشرے میں شعور اجاگر کرنے کے لیے اچھا پلیٹ فارم دیں اور وہ پلیٹ فارم پاکستان عوامی قوت پارٹی ہے۔ ڈولفن کمیونیکیشن کی سی ای او معروف ڈرامہ ڈائریکٹر محترمہ عاصمہ بٹ اور نیو ٹی وی کے بیورو چیف راولپنڈی خالد چوہدری سمیت دیگر صحافیوں اور فنکاروں نے پاکستان عوامی قوت پارٹی کے منشور۔ بیانیے اور آئندہ کے پروگرام پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ اس وقت ملک میں آپ جیسے لیڈر کے ویژن کی ضرورت ہے۔ اور ہم فنکار برادری اور صحافی برادری آپ کے اس مشن کو آگے بڑھانے میں اپنا اپنا حصہ ڈالنے کی کوشش کریں گے۔





