داؤدخیل (ضیاءنیازی سے )ملک بھر کی طرح ضلع میانوالی میں بھی یوم استحصال کشمیر کے موقع پر ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام کشمیری عوام سے یکجہتی کے اظہار کے سلسلہ میں عظیم الشان ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی کی قیادت ڈپٹی کمشنر شاہد عباس کاٹھیا نے کی۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد شاہد کھوکھر، اے ڈی سی جی ماجد بن احمد اور اسسٹنٹ کمشنر میانوالی فیصل عمران بھی موجود تھے۔کشمیر پر بھارت کے غصبانہ قبضے، انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی کے سلسلے میں جی پی او چوک سے کمیٹی چوک تک ریلی کاانعقاد کیا گیا۔ریلی کے شرکاء نے پاکستانی اور کشمیر ی جھنڈے، بینزر اور پینا فلیکسز اٹھا رکھے تھے۔ریلی کی فضاء کشمیر بنے گا پاکستان، پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی۔ اس موقع پر ڈپٹی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج کے دن انڈیا نے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی کرتے ہوئے جموں وکشمیر کی آزاد حثیت ختم کر دی تھی جس کی پوری پاکستانی قوم بھرپور الفاظ میں میں مذمت کر تی ہے۔ انھوں نے کہا کہ آج کا دن منانے کا بنیادی مقصد اقوام عالم کو یہ پیغام دینا ہے کہ کشمیر ہمار ا دل ہے، ہم بحثیت قوم اور بحثیت ملک کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ کشمیریوں کے بنیادی حقوق سلب کرنے پر آج کے دن کو پوری دنیا اور پاکستان میں یوم سیاہ کے طور پر منایا جارہا ہے۔انھوں نے کہا کہ ہم کشمیری عوام کو سلام پیش کرتے ہیں جو پورے جوش و جذبے سے آزادی کے حصول کیلئے جدو جہد کر رہے ہیں۔ بعد ازاں کشمیری عوام سے یکجہتی کے اظہار کے سلسلہ میں میونسپل کمیٹی کے سبزہ زار میں تقریب کا بھی انعقاد کیا گیا جہاں پر بچوں نے ملی نغمے، تقاریر پیش کئیں اور مقررین نے اپنے خطاب میں کشمیر پر بھارت کے غاصبانہ قبضہ کی بھرپور الفاظ میں مذمت کی۔اس موقع پرضلعی انتظامیہ اور دیگر محکموں افسران، سول سوسائیٹی،میڈیا، سکولوں کے طلباء اور شہریوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔





