ایبٹ آباد (بی بی سی رپورٹ) انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے ضلع مانسہرہ کا دورہ کیا،پولیس لائنز مانسہرہ پہنچنے پر مانسہرہ پولیس کے چاق و چوبند دستے نے انسپکٹر جنرل آف پولیس کو سلامی پیش کی۔ انہوں نے عوامی سہولیات اور پولیس اہلکاروں کی فلاح و بہبود سے متعلق متعدد اہم منصوبوں کا افتتاح کیا۔ ڈی آئی جی ہزارہ ناصر محمود ستی، ڈی پی او مانسہرہ محمد اظہر خان اور پولیس کے دیگر سینئر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔
دورے کے دوران آئی جی خیبر پختونخوا نے بالاکوٹ اور اوگی میں جدید سہولیات سے آراستہ پولیس سہولت مراکز کا باقاعدہ افتتاح کیا اورمختلف کاو¿نٹرز کا معائنہ بھی کیا اور شہریوں کو فراہم کی جانے والی خدمات، سہولیات اور نظام کا تفصیلی جائزہ لیا۔
اس موقع پر آئی جی پی ذوالفقار حمید نے کہا کہ پولیس سہولت مراکز کا قیام خیبر پختونخوا پولیس کے عوام دوست وژن کا اہم حصہ ہے، جس کا مقصد شہریوں کو روایتی دفتری چکروں سے نجات دلا کر ایک ہی چھت تلے شفاف، بروقت، باوقار اور جدید پولیس خدمات فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے سہولت مراکز پر آنے والے ہر شہری کے ساتھ خوش اخلاقی، عزت، احترام اور پیشہ ورانہ انداز میں پیش آنے کی ہدایت کی تاکہ پولیس اور عوام کے درمیان اعتماد کا رشتہ مزید مضبوط ہوسکے۔
واضح رہے کہ پولیس سہولت مراکز میں شہریوں کو ایک ہی چھت کے نیچے متعدد خدمات فراہم کی جائیں گی، جن میں کریکٹر سرٹیفکیٹس (ملکی و بین الاقوامی مقاصد کے لیے)، پولیس کلیئرنس سرٹیفکیٹس، کرایہ دار رجسٹریشن (TIF)، فارنرز ڈیسک کی خدمات، گمشدہ دستاویزات کی رپورٹ، جنرل پولیس معاونت، رہنمائی اور دیگر عوامی خدمات شامل ہیں۔ ان مراکز کا مقصد شہریوں کو مختلف دفاتر کے غیر ضروری چکروں سے نجات دلانے ہوئے خدمات کی فراہمی کے عمل کو مزید آسان، تیز رفتار اور شفاف بنانا ہے۔
بعدازاں آئی جی خیبر پختونخوا نے پولیس لائنز مانسہرہ میں پولیس اہلکاروں کی فلاح و بہبود کے لیے قائم ہر قسم کی سہولیات سے آراستہ میس ہال کا افتتاح بھی کیا اور میس ہال کا تفصیلی معائنہ کرتے ہوئے دستیاب سہولیات پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ پولیس اہلکاروں کو بہتر ورکنگ ماحول، معیاری خوراک اور بہترین سہولیات کی فراہمی فورس کے مورال، پیشہ ورانہ صلاحیت اور بہتر کارکردگی کے لیے ناگزیر ہے۔
آئی جی پی ذوالفقار حمید نے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس جدید انفراسٹرکچر، ٹیکنالوجی کے مو¿ثر استعمال، عوام دوست پولیسنگ اور اہلکاروں کی فلاح و بہبود کو یکساں اہمیت دے رہی ہے تاکہ شہریوں کو ایک بااعتماد، مو¿ثر اور جدید پولیسنگ نظام میسر آ سکے۔ انہوں نے مانسہرہ پولیس کی عوامی خدمت کے جذبے اور کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پولیس سہولت مراکز کے دائرہ کار کو صوبے بھر میںمزید وسعت دی جا رہی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ شہری جدید، شفاف اور معیاری پولیس خدمات سے ہر وقت مستفید ہو سکیں۔
علاوہ ازیں آئی جی پی نے پولیس لائنز میں پودا لگا کر مون سون شجرکاری مہم کا باقاعدہ آغاز بھی کیا اور ماحول کے تحفظ، سرسبز و شاداب پاکستان اور آئندہ نسلوں کے لیے زیادہ سے زیادہ شجرکاری کی اہمیت پر زور دیا۔





