تربیلا پانچویں توسیعی منصوبے (ٹی-5) میں مون سون شجرکاری مہم کا باضابطہ آغاز کر دیا گیا

تربیلا غازی (نامہ نگار)
تربیلا پانچویں توسیعی منصوبے (ٹی-5) میں مون سون شجرکاری مہم کا باضابطہ آغاز کر دیا گیا،افتتاحی تقریب میں تربیلا پانچویں توسیعی منصوبے کے جنرل منیجر/پراجیکٹ ڈائریکٹر عمیر منان نے پودا لگا کر شجرکاری مہم کا افتتاح کیا،اس موقع پر بتایا گیا کہ مون سون شجرکاری مہم کے تحت تربیلا ڈیم پراجیکٹ کی کالونیوں اور گرد و نواح کی آبادی میں ایک ہزار پودے تقسیم کیے جائیں گے تاکہ عوام کو شجرکاری کی جانب راغب کیا جا سکے اور ماحول دوست رویوں کو فروغ دیا جا سکے،جنرل منیجر/پراجیکٹ ڈائریکٹر عمیر منان نے کہا کہ شجرکاری نہ صرف ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے بلکہ موسمیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات میں کمی اور آنے والی نسلوں کو صاف، سرسبز اور صحت مند ماحول فراہم کرنے کے لیے ناگزیر ہے۔ انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ زیادہ سے زیادہ پودے لگا کر اور ان کی حفاظت کو یقینی بنا کر قومی شجرکاری مہم کو کامیاب بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔