مسئلہ کشمیر پر قومی اتفاقِ رائے وقت کی اہم ضرورت ہے، رانا محمد قاسم نون

ڈاکٹر فاروق ستار سے ملاقات، قومی کانفرنس برائے کشمیر کے انعقاد کی تجویز، تمام سیاسی جماعتوں کی مؤثر شمولیت پر زور

اسلام آباد (اظہار خان نیازی)

وفاقی وزیر اور چیئرمین پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر رانا محمد قاسم نون نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کو مؤثر انداز میں اجاگر کرنے کے لیے قومی سطح پر "قومی کانفرنس برائے کشمیر” کا انعقاد ناگزیر ہے، جس میں تمام سیاسی جماعتوں، پارلیمنٹ کے اراکین، ماہرین، دانشوروں، سول سوسائٹی، نوجوانوں اور کشمیری قیادت کو یکجا کر کے قومی اتفاقِ رائے کو مزید مضبوط بنایا جائے۔
یہ بات انہوں نے منگل کو پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر کے دفتر میں ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر رہنما اور رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر فاروق ستار سے ملاقات کے دوران کہی۔ اس موقع پر سابق وفاقی وزیر امین الحق، زاہد ملک، شاہ فیصل اور سندس ملک بھی موجود تھے۔
رانا محمد قاسم نون نے کشمیری عوام کی بے مثال قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہر سطح پر کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے خلاف معرکۂ حق میں پاکستان کی کامیابی پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔ انہوں نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی اقدامات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری حریت قیادت برسوں سے بھارتی جیلوں میں قید ہے، جبکہ بھارت جعلی ڈومیسائل جاری کر کے مقبوضہ علاقے کی آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی کوشش کر رہا ہے، جو بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہے۔
ملاقات کے دوران سندس ملک نے بھی مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر مزید مؤثر انداز میں اجاگر کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور کشمیر کاز کے لیے رانا محمد قاسم نون کی کاوشوں کو سراہا۔
ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر کام کرنے والی پارلیمانی کمیٹی میں ایم کیو ایم پاکستان کی نمائندگی موجود نہیں، جبکہ اس قومی معاملے پر تمام سیاسی جماعتوں کی مؤثر شمولیت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا پائیدار حل صرف سیاسی اور سفارتی ذرائع سے ہی ممکن ہے۔
رانا محمد قاسم نون نے ڈاکٹر فاروق ستار کی تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کے معاملے پر قومی یکجہتی اور وسیع تر سیاسی اتفاقِ رائے وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے ایم کیو ایم پاکستان کی عوامی خدمات، خصوصاً تعلیم کے شعبے میں کردار کو بھی سراہا۔
ملاقات کے اختتام پر وفاقی وزیر و چیئرمین پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر رانا محمد قاسم نون نے ڈاکٹر فاروق ستار اور دیگر شرکاء کو گلدستے اور یادگاری کشمیری اسکارف پیش کیے۔