پاکستان، بلغاریہ کے درمیان پارلیمانی اور دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق

زیب جعفر کی بلغاریہ کے وفد سے ملاقات، تجارت، تعلیم، ٹیکنالوجی اور پارلیمانی روابط کے فروغ پر زور

اسلام آباد(اظہار خان نیازی)پاکستان۔بلغاریہ پارلیمانی فرینڈشپ گروپ کی کنوینر رکن قومی اسمبلی زیب جعفر نے پارلیمنٹ ہاؤس میں بلغاریہ کے وزارتِ خارجہ کے ڈائریکٹر جنرل پیٹکو دوئیکوف کی قیادت میں وفد سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان اور بلغاریہ کے درمیان پارلیمانی، تجارتی، تعلیمی اور عوامی روابط کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔
زیب جعفر نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان چھ دہائیوں پر محیط دوستانہ تعلقات کو پارلیمانی سفارت کاری، تجارت، تعلیم، زراعت، ماحولیاتی تبدیلی اور نوجوانوں کے تبادلوں کے ذریعے مزید مضبوط بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے بلغاریہ میں پاکستان۔بلغاریہ پارلیمانی فرینڈشپ گروپ کے جلد قیام کی امید بھی ظاہر کی۔
بلغاریہ کے وفد کے سربراہ پیٹکو دوئیکوف نے پاکستان کے ساتھ تعلقات مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے تجارت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت اور پارلیمانی وفود کے تبادلوں میں تعاون بڑھانے پر زور دیا۔ دونوں فریقوں نے دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔