قطری سرمایہ کاروں کو پاکستان کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت، سابق امیرِ قطر اور قطری سفیر کے والد کے انتقال پر اظہارِ تعزیت
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) عاطف اکرام شیخ نے اسلام آباد میں قطر کے سفارت خانے کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے علی مبارک علی عیسیٰ سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان اور قطر کے درمیان تجارتی، معاشی، سرمایہ کاری اور کاروباری تعلقات کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
صدر ایف پی سی سی آئی نے علاقائی صورتحال اور خطے میں امن کے قیام کے لیے پاکستان اور قطر کی قیادت کے مثبت کردار اور دونوں ممالک کے تاریخی و برادرانہ تعلقات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور قطر کے سیاسی، سفارتی، سماجی اور معاشی روابط دونوں ممالک کے لیے باعثِ فخر ہیں۔
عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ پاکستان اور قطر کے درمیان اقتصادی تعاون کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے قطری سرمایہ کاروں کو پاکستان کے توانائی، انفراسٹرکچر، زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، سیاحت اور دیگر اہم شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ ایف پی سی سی آئی دونوں ممالک کے نجی شعبوں کے درمیان روابط مزید مضبوط بنانے کے لیے ہر ممکن کردار ادا کرے گی۔
قطری سفیر علی مبارک علی عیسیٰ نے پاکستان اور قطر کے باہمی تعلقات کے فروغ کے لیے عاطف اکرام شیخ کی کوششوں کو سراہا اور دونوں ممالک کی کاروباری برادری کے درمیان تعاون کو مزید وسعت دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔
اس موقع پر عاطف اکرام شیخ نے سابق امیرِ قطر شیخ حماد بن خلیفہ الثانی کے انتقال پر دلی تعزیت اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم نے پاکستان اور قطر کے برادرانہ تعلقات کو مستحکم بنانے میں تاریخی کردار ادا کیا۔ انہوں نے قطری سفیر کے والد کے انتقال پر بھی اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے مرحومین کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔
ملاقات میں ایف پی سی سی آئی کے نائب صدر طارق جدون اور چیئرمین کیپیٹل آفس کریم عزیز ملک بھی شریک تھے۔ ملاقات کے اختتام پر دونوں فریقین نے پاکستان اور قطر کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور کاروباری تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔





