تربیلا غازی (نامہ نگار)
ڈپٹی کمشنر ہری پور کی ہدایات پر تحصیل غازی میں تجاوزات کے خاتمے کے لیے عملی اقدامات کا آغاز کر دیا گیا،اس سلسلے میں غازی بس سٹینڈ سے جھانیاں چوک تک سرکاری حدود کی نشاندہی کا عمل مکمل کیا گیا،جس میں تحصیلدار غازی، محکمہ مال کے اہلکاروں،واپڈا انتظامیہ اور سکیورٹی عملے نے مشترکہ طور پر حصہ لیا،کارروائی کے دوران تربیلا روڈ کے سنٹر پوائنٹ سے 46.50 فٹ تک سرکاری حدود کی پیمائش کی گئی اور متعلقہ مقامات پر سرخ نشانات لگا کر سرکاری اراضی کی حد بندی واضح کر دی گئی،محکمہ مال کے اہلکار پٹواری ضمیر احمد اور شہزاد پٹواری نے اپنے اپنے حلقوں میں نشاندہی کے عمل کی نگرانی کی،اس موقع پر پٹواری ضمیر احمد نے بتایا کہ ڈپٹی کمشنر ہری پور کے احکامات کے مطابق تجاوزات کے خلاف کارروائی سے قبل سرکاری حدود کی باقاعدہ نشاندہی کی جا رہی ہے، جبکہ ہر پٹواری اپنے متعلقہ علاقے میں سرکاری اراضی کی حد بندی کو یقینی بنا رہا ہے،تحصیلدار غازی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فی الحال نشاندہی کا مرحلہ جاری ہے، جس کے بعد تجاوزات کے خاتمے کے لیے باقاعدہ آپریشن شروع کیا جائے گا،انہوں نے واضح کیا کہ سرکاری اراضی پر قائم تمام غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کے خلاف قانون کے مطابق بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی،انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ سرکاری حدود کا احترام کریں اور تجاوزات ازخود ختم کرکے انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں تاکہ عوامی سہولت، ٹریفک کی روانی اور سرکاری اراضی کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے،





