ٹیکسلا کے تاریخی ورثے کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح، بیرسٹر عقیل ملک

یونیسکو پاکستان کے کنٹری ڈائریکٹر فواد پاشایف سے ملاقات، عالمی معیار کے مطابق تحفظ اور بحالی پر اتفاق

اسلام آباد/ٹیکسلا(شاہ رخ خان سے)وفاقی وزیرِ مملکت بیرسٹر عقیل ملک نے یونیسکو پاکستان کے کنٹری ڈائریکٹر فواد پاشایف اور ان کی ٹیم سے ملاقات کی، جس میں یونیسکو کے عالمی ثقافتی ورثہ ٹیکسلا سے متعلق حالیہ میڈیا رپورٹس، تاریخی ورثے کے تحفظ اور اس کی مزید بہتری کے لیے مشترکہ اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران بیرسٹر عقیل ملک نے کہا کہ ٹیکسلا پاکستان کا عظیم تاریخی ورثہ ہے اور ان کے حلقہ انتخاب کا حصہ ہونے کے باعث اس کا تحفظ ان کے لیے خصوصی اہمیت رکھتا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ٹیکسلا کے تاریخی ورثے کے تحفظ، بحالی اور ترقی کے تمام اقدامات یونیسکو کی گائیڈ لائنز اور عالمی معیار کے مطابق یقینی بنائے جائیں گے۔
وفاقی وزیرِ مملکت نے یونیسکو پاکستان کے تعاون اور فنی معاونت کو سراہتے ہوئے کہا کہ باہمی اشتراک سے ٹیکسلا کی تاریخی اہمیت، ثقافتی شناخت اور قدیم آثار کو آئندہ نسلوں کے لیے محفوظ بنایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ اور ثقافتی ورثہ پوری قوم کی مشترکہ امانت ہے، جس کے تحفظ کی ذمہ داری ہم سب پر عائد ہوتی ہے۔ حکومت تمام متعلقہ اداروں کے تعاون سے ٹیکسلا کو وہ توجہ، تحفظ اور وسائل فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہے جس کا یہ عالمی تاریخی ورثہ مستحق ہے۔