راولپنڈی بورڈ نے میٹرک 2026 کے نتائج کا اعلان کر دیا،کامیابی کا تناسب 61.31 فیصد رہا،رکن قومی اسمبلی ملک ابرار کی بطور مہمان خصوصی شرکت
راولپنڈی:(سید شاہد وحید ہاشمی)بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن راولپنڈی نے میٹرک کے پہلے سالانہ امتحان 2026 کے نتائج کا باضابطہ اعلان کر دیا۔نتائج کے مطابق مجموعی کامیابی کا تناسب 61.31 فیصد رہا،جبکہ طالبات نے ایک بار پھر نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 70.18 فیصد کامیابی حاصل کی،جب کہ طلبہ کی کامیابی کا تناسب 51.99 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔نتائج کے اعلان کی تقریب فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی راولپنڈی میں منعقد ہوئی،جس میں رکن قومی اسمبلی ملک ابرار احمد نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔تقریب میں پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات بیرسٹر دانیال چوہدری،اراکین اسمبلی عاصمہ ناز عباسی اور رفعت عباسی، چیئرمین راولپنڈی بورڈ پروفیسر ڈاکٹر اقبال محمود، سیکرٹری بورڈ پروفیسر امجد اقبال خٹک، کنٹرولر امتحانات تنویر اصغر اعوان، پوزیشن ہولڈر طلبہ، ان کے والدین، اساتذہ اور دیگر معزز شخصیات بھی شریک ہوئیں۔تقریب کے آغاز پر نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔میٹرک کے پہلے سالانہ امتحان میں مجموعی طور پر ایک لاکھ 20 ہزار 411 امیدوار شریک ہوئے۔ محمد منان احتشام نے 1191 نمبر حاصل کرکے پہلی پوزیشن اپنے نام کی، زونیرہ طاہر 1180 نمبروں کے ساتھ دوسرے جبکہ محمد فصیح عبداللہ 1178 نمبروں کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے۔ بعد ازاں مہمان خصوصی نے پوزیشن ہولڈرز میں انعامات اور اسناد تقسیم کیں۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ملک ابرار احمد نے کامیاب طلبہ، والدین اور اساتذہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں تعلیمی شعبے میں اصلاحات کا عمل جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ ہونہار اسکالرشپ، لیپ ٹاپ اسکیم اور دیگر منصوبے نوجوانوں کو بہتر تعلیمی مواقع فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، جبکہ میرٹ اور شفافیت حکومت کی اولین ترجیح ہے۔پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات بیرسٹر دانیال چوہدری نے راولپنڈی بورڈ کی انتظامیہ کو امتحانات کے شفاف انعقاد اور بروقت نتائج کے اعلان پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی، میرٹ اور شفافیت کے فروغ کے لیے حکومت پنجاب مؤثر اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پوزیشن ہولڈرز اور کامیاب طلبہ ملک کا قیمتی سرمایہ اور روشن مستقبل ہیں۔چیئرمین راولپنڈی بورڈ پروفیسر ڈاکٹر اقبال محمود نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق بورڈ میرٹ، شفافیت اور اعلیٰ تعلیمی معیار کے فروغ کے لیے عملی اقدامات پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم ہی ترقی، خوشحالی اور قومی استحکام کی بنیاد ہے۔کنٹرولر امتحانات تنویر اصغر اعوان نے بتایا کہ امتحانات کے دوران زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل درآمد کیا گیا، جس کے باعث امتحانی عمل مکمل شفاف، منصفانہ اور منظم انداز میں پایۂ تکمیل تک پہنچا، جبکہ شفافیت ہی راولپنڈی بورڈ کی شناخت اور اعتماد کی بنیاد ہے۔





