سی پی او ان ایکشن۔۔۔۔شہری کو اغواء کر کے بھتہ وصول کرنے کے الزام میں راولپنڈی پولیس کا کانسٹیبل اور دو ساتھی گرفتار
راولپنڈی:(سید شاہد وحید ھاشمی)شہری کی جانب سے موصول ہونے والی شکایت پر سٹی پولیس آفیسر (سی پی او) حسن مشتاق سکھیرا نے فوری نوٹس لیتے ہوئے محکمانہ انکوائری کا حکم دیا،جس میں الزامات درست ثابت ہونے پر تھانہ چکلالہ میں تعینات کانسٹیبل محسن ضیاء اور اس کے دو نجی ساتھیوں کو سی پی او آفس سے گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف اغواء اور بھتہ خوری کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔شکایت کنندہ کا مؤقف تھا کہ پولیس اہلکار نے اپنے دو ساتھیوں کے ہمراہ اسے مقدمہ درج کرنے کی دھمکی دے کر اغواء کیا اور بعد ازاں رقم وصول کرنے کے بعد رہا کر دیا۔
سی پی او حسن مشتاق سکھیرا نے کہا کہ محکمہ پولیس میں بدعنوانی، اختیارات کے ناجائز استعمال یا شہریوں کے ساتھ کسی بھی قسم کی زیادتی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ پولیس افسران اور اہلکاروں کو اپنے کردار اور پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کی ادائیگی میں انتہائی احتیاط اور دیانت داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کے حقوق کا تحفظ پولیس کی اولین ذمہ داری ہے اور کسی بھی اہلکار کی جانب سے قانون شکنی یا اختیارات کے غلط استعمال پر زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔پولیس کے مطابق ملزمان کے خلاف تھانہ چکلالہ میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور ٹھوس شواہد کی بنیاد پر مکمل چالان جلد عدالت میں پیش کیا جائے گا۔





