سنیپ چیکنگ کے دوران مشکوک موٹر سائیکل سوار پکڑا گیا، لاکھوں روپے مالیت کے 44 موبائل فون برآمد
راولپنڈی (شاہ رخ/تحصیل رپورٹر)تھانہ صدر واہ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے حسن ابدال، اٹک میں موبائل شاپ سے موبائل فون چوری کرکے فرار ہونے والے ملزم کو گرفتار کرلیا، ملزم کے قبضے سے لاکھوں روپے مالیت کے 44 موبائل فون برآمد کرلئے گئے۔
پولیس کے مطابق ملزم نے کچھ ہی دیر قبل حسن ابدال کے علاقے میں واقع موبائل شاپ سے موبائل فون چوری کئے تھے اور موٹر سائیکل پر فرار ہو رہا تھا۔ صدر واہ پولیس نے سنیپ چیکنگ کے دوران مشکوک موٹر سائیکل سوار کو روک کر تلاشی لی تو اس کے قبضے سے بڑی تعداد میں موبائل فون برآمد ہوئے۔
تحقیقات کے دوران برآمد ہونے والے موبائل فون حسن ابدال میں موبائل شاپ سے چوری شدہ پائے گئے، جس پر پولیس نے ملزم کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا۔
ایس پی پوٹھوہار چوہدری اثر علی نے کہا کہ گرفتار ملزم کو ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان کرکے عدالت میں پیش کیا جائے گا، شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے پولیس کی جانب سے مؤثر کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔





