چیف کمشنر کا نوٹیفکیشن جاری، ایف آئی اے کے گرفتار ملزمان کو سب جیل میں رکھا جائے گا، سیکیورٹی کی ذمہ داری ڈی جی ایف آئی اے کے سپرد
اسلام آباد (اظہار خان نیازی) اسلام آباد میں اسپارکو پلازہ گلبرگ گرینز کو سب جیل قرار دے دیا گیا، چیف کمشنر اسلام آباد نے اسپارکو پلازہ کو سب جیل قرار دینے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ایف آئی اے کے گرفتار ملزمان کو اسپارکو پلازہ گلبرگ گرینز میں قائم سب جیل میں رکھا جائے گا، جبکہ سب جیل اور اس میں موجود اسیروں کی سیکیورٹی کی ذمہ داری ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے کے سپرد ہوگی۔ حکم نامے کے مطابق سب جیل کے تمام ریکارڈ کی دیکھ بھال بی پی ایس 17 کے افسر کے ذمے ہوگی۔ چیف کمشنر اسلام آباد کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ اسپارکو پلازہ کو سب جیل قرار دینے کا حکم فوری طور پر نافذ العمل ہوگا۔





