




راولپنڈی(نیوز رپورٹر) ہارٹیکلچر ایجنسی راولپنڈی نے شہر کو سرسبز، خوبصورت اور ماحول دوست بنانے کے اپنے عزم کے تحت خیابانِ سرسید میں واقع انجم اقبال مغل پارک کی خوبصورتی میں مزید اضافے کے لیے خصوصی اقدامات کا آغاز کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں پارک کے مختلف حصوں میں تزئین و آرائش، باغبانی، صفائی ستھرائی اور شہری سہولیات کی بہتری پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے تاکہ شہریوں کو ایک پرامن، خوبصورت اور معیاری تفریحی ماحول فراہم کیا جا سکے۔
منیجنگ ڈائریکٹر ہارٹیکلچر ایجنسی راولپنڈی احمد حسن رانجھاکی خصوصی ہدایات کے مطابق پارک کے ہر حصے کو جدید باغبانی کے اصولوں کے مطابق بہتر بنایا جا رہا ہے، موسمی پھولوں کی شجرکاری، سبزہ زاروں کی دیکھ بھال، درختوں کی تراش خراش، واکنگ ٹریک کی صفائی، بیٹھنے کی جگہوں کی مرمت اور بچوں کے کھیل کے آلات کو مکمل فعال حالت میں رکھا جا رہا ہے،
ایم ڈی احمد حسن رانجھا نے کہا کہ پارکس کسی بھی شہر کے حسن اور ماحولیاتی توازن کا اہم حصہ ہوتے ہیں۔ انجم اقبال مغل پارک کو جدید تقاضوں کے مطابق مزید خوبصورت بنایا جا رہا ہے تاکہ اہلِ علاقہ، بزرگ، خواتین اور بچے ایک صحت مند اور خوشگوار ماحول میں اپنا وقت گزار سکیں۔ انہوں نے کہا کہ صاف، سرسبز اور خوبصورت پارکس شہریوں کی ذہنی و جسمانی صحت پر مثبت اثرات مرتب کرتے ہیں، اسی لیے ہارٹیکلچر ایجنسی تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔
انہوں نے مزید ہدایت کی کہ پارک میں رنگ برنگے موسمی پھولوں کی کیاریاں، خوبصورت آرائشی پودے، جدید لینڈ اسکیپنگ اور سبزہ زاروں کی باقاعدہ دیکھ بھال کو یقینی بنایا جائے۔ اس کے ساتھ ساتھ آبپاشی کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے تاکہ پودوں اور گھاس کی بہترین نشوونما ممکن ہو سکے۔
ایم ڈی نے کہا کہ شہریوں کی سہولت کے لیے پارک میں صفائی کا اعلیٰ معیار برقرار رکھا جائے، روشنی کے نظام کو بہتر بنایا جائے اور تمام بنیادی سہولیات کو فعال رکھا جائے تاکہ شام کے اوقات میں بھی خاندان بلا خوف و خطر پارک سے لطف اندوز ہو سکیں۔
انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ پارکس کو اپنی مشترکہ قومی امانت سمجھتے ہوئے صفائی برقرار رکھنے، پودوں اور پھولوں کی حفاظت کرنے اور ماحول کو آلودہ ہونے سے بچانے میں ہارٹیکلچر ایجنسی کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی تعاون کے بغیر شہر کو سرسبز اور خوبصورت بنانا ممکن نہیں۔
ہارٹیکلچر ایجنسی راولپنڈی اس عزم کا اعادہ کرتی ہے کہ شہر کے تمام پارکس، گرین بیلٹس اور عوامی مقامات کی خوبصورتی، شادابی اور دیکھ بھال کے لیے مؤثر اقدامات کا سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رکھا جائے گا تاکہ راولپنڈی کو ایک سرسبز، خوبصورت اور ماحول دوست شہر بنایا جا سکے۔





