تربیلا ڈیم کا معاون سپل وے (Auxiliary Spillway) فلڈ سیزن 2026 میں پہلی مرتبہ فعال کرتے ہوئے جمعہ کے روز صبح 11 بجے کھول دیا گیا

تربیلا غازی (نامہ نگار)
تربیلا ڈیم کا معاون سپل وے (Auxiliary Spillway) فلڈ سیزن 2026 میں پہلی مرتبہ فعال کرتے ہوئے جمعہ کے روز صبح 11 بجے کھول دیا گیا، جس کے بعد دریائے سندھ میں پانی کے اخراج میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ واپڈا کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق سپل وے کھولنے کے بعد تربیلا ڈیم کے زیریں علاقوں میں پانی کا بہاؤ 2 لاکھ 20 ہزار سے 2 لاکھ 30 ہزار کیوسک کے درمیان برقرار رکھا جا رہا ہے،واپڈا حکام نے واضح کیا ہے کہ موجودہ اخراج کے باوجود زیریں علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا نہیں ہوئی، کیونکہ تربیلا ڈیم کے نشیبی علاقوں میں دریائے سندھ میں کم درجے کے سیلاب کا آغاز 2 لاکھ 50 ہزار کیوسک سے ہوتا ہے۔ تاہم حفاظتی اقدامات کے تحت ضلعی انتظامیہ ہری پور، تحصیل غازی، اٹک، ٹوپی اور صوابی سمیت متعلقہ اداروں کو صورتحال سے آگاہ کر دیا گیا ہے،نوٹیفکیشن میں عوام الناس کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ دریائے سندھ کے کناروں، نشیبی علاقوں اور پانی کے بہاؤ کے قریب غیر ضروری آمدورفت سے گریز کریں، بچوں کو دریا کے قریب جانے سے روکیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں,واپڈا نے متعلقہ اداروں کو عوامی جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی بھی ہدایت جاری کی ہے تاکہ پانی کے بڑھتے ہوئے بہاؤ کے دوران کسی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔